ملکی سا لمیت خطرے میں ہے اور عمران کو احتجاجی جلسے سوجھ رہے ہیں،چوہدری محمد برجیس طاہر

پیر 14 جولائی 2014 16:54

خانقاہ ڈوگراں(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14جولائی 2014ء)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت پر جب ملکی سا لمیت کو اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے، عمران خان کو احتجاجی جلسے سوجھ رہے ہیں۔ پاک فوج اس وقت دہشت گردوں کے ساتھ نبرد آزما ہے اور ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، اس وقت پاکستان کو قومی یکجہتی اور ملّی وحدت کی اشد ضرورت ہے۔

عمران خان اب یوم آزادی جیسے مقدس دن کو بھی متنازع بنانے پر تل گئے ہیں۔ اس دن کی تقدیس کو متنازع بنانے کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانقاہ ڈوگراں میں صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم آزادی کا دن اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم نہ صرف اسے پورے جوش و خروش سے منائیں بلکہ تمام پاکستانی ایک قوم ہونے کا ثبوت دیں۔

(جاری ہے)

سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ پوری پاکستانی قوم ایک مٹھی ہو کر دکھائے اور ثابت کردے کہ دور حاضر کے مسائل کا سامنا کرنے کے لیے یک جان ہے۔ چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ جلسے جلوس جمہوریت کا حسن ہیں لیکن یہ وقت جلسے جلوسوں کا نہیں بلکہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لیے پاکستانی افواج کی بھرپور تائید کرنے کا ہے تاکہ شر پسندوں کے خلاف جاری اس آپریشن کو تقویت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور دیگر تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ حکومت کے ساتھ مل کر یوم آزادی کو پورے جوش و خروش سے منائیں۔