افغانستان کی ایک عدالت نے پاکستانی صحافی کو چار سال قید کی سزا سنادی

پیر 14 جولائی 2014 20:31

افغانستان کی ایک عدالت نے پاکستانی صحافی کو چار سال قید کی سزا سنادی

کابل (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14جولائی 2014ء) افغانستان کی ایک عدالت نے پاکستانی صحافی کو چار سال قید کی سزا سنائی ہے۔پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے لیے کام کرنے والے صحافی فیض اللہ خان کو یہ سزا سفری دستاویزات کے بغیر افغانستان داخل ہونے پر سنائی گئی۔اطلاعات کے مطابق فیض اللہ کو افغان پولیس نے اپریل میں ننگر ہار سے گرفتار کیا تھا۔

فیض اللہ خان پر جاسوسی کا بھی الزام تھا لیکن عدالت نے ان پر جاسوسی کے الزام کو ختم کرتے ہوئے ان کو صرف افغانستان میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے کا مجرم قرار دیا۔اے آر وائی نیوز کے ایک سینیئر صحافی صابر شاکر نے میڈیا کو بتایا کہ فیض اللہ خان کا یہ موقف رہا ہے کہ وہ پاکستان کے قبائلی علاقے میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لیے گیا تھا جہاں سے وہ غلطی سے افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں داخل ہو گیا۔

(جاری ہے)

صابر شاکر کا کہنا ہے کہ اْن کا نشریاتی ادارہ فیض اللہ کی رہائی کے لیے قانونی چارہ جوئی جاری رکھے گا۔ اطلاعات کے مطابق افغانستان میں پاکستان کا سفارتی عملہ بھی فیض اللہ کی رہائی کے لیے افغان حکام سے رابطے میں ہے۔ایک افغان صحافی کے مطابق فیض اللہ طالبان کے اعلٰی رہنماوٴں سے انٹرویو کے لیے ننگر ہار میں داخل ہوا تھا جہاں اْسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔پاکستان میں صحافیوں کی نمائندہ تنظیم فیڈرل یونین آف جرنلسٹ نے فیض اللہ کی باحفاظت واپسی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :