لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی کیخلاف دونوں درخواستیں یکجا کر کے سماعت کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کر دی

جمعہ 29 اگست 2014 18:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی کیخلاف دونوں درخواستیں یکجا کر کے سماعت کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریک انصاف کے رہنما زبیر نیاز ی ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے بتایا کہ وزیر اعظم نے اپنی بیٹی مریم نواز کو یوتھ لون سکیم کا چیئرپرسن مقرر کر دیا ہے، مریم نواز کی تعیناتی کیلئے اخبار میں کوئی اشتہار نہیں دیا گیااور نہ ہی میرٹ کو مدنظر رکھا گیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ یہ طے کر چکی ہے کہ اہم عہدوں پر تعیناتیاں شفاف طریقے سے ہی ہونی چاہیے لہذا مریم نواز کی بطور چیئرپرس یوتھ لون سکیم تعیناتی کالعدم قرار دی جائے،درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ مریم نواز کی تعیناتی کیخلاف پہلے بھی ایک درخواست لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے جس میں عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کررکھا ہے، اس پر عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی مریم نواز کیخلاف دونوں درخواستیں یکجا کر کے پندرہ ستمبر کو سماعت کیلئے پیش کی جائے