چینی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا ہے موخر نہیں، نئی تاریخ کا اعلان بیجنگ سے مشاورت کے بعد کیا جائیگا ، ترجمان دفتر خارجہ ،پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کا معاملہ اہم مسئلہ ہے، بھارت کی جانب سے پاکستان پر جاسوسی کے الزامات درست نہیں، سیاچن پر فوجی نقل وحرکت اور ماحولیاتی اثرات کے حوالے سے غیرسرکاری تنظیمیں کام کر رہی ہیں،مصیبت کی گھڑ ی میں سیلاب سے متاثرہ کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کیخلاف ہے ،، ڈپلومیٹک انکلیو کے باہر مظاہرے نہیں ہوئے ،ترجمان تسلیم اسلم کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعرات 11 ستمبر 2014 18:31

چینی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا ہے موخر نہیں، نئی تاریخ کا اعلان ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا ہے موخر نہیں، نئی تاریخ کا اعلان بیجنگ سے مشاورت کے بعد کیا جائیگا ، پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کا معاملہ اہم مسئلہ ہے، دونوں ممالک کے درمیان سندھ طاس معاہدہ موجود ہے ،بھارت کی جانب سے پاکستان پر جاسوسی کے الزامات درست نہیں، سیاچن پر فوجی نقل وحرکت اور ماحولیاتی اثرات کے حوالے سے غیرسرکاری تنظیمیں کام کر رہی ہیں ،مصیبت کی گھڑ ی میں سیلاب سے متاثرہ کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کیخلاف ہے ،، ڈپلومیٹک انکلیو کے باہر مظاہرے نہیں ہوئے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے تسنیم اسلم نے کہاکہ پاکستان نے سیلاب متاثرین کی مدد سے کے لئے کسی بھی ملک سے تاحال کوئی اپیل نہیں کی ہے تاہم کچھ دوست ممالک اپنے طور پر پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں جب کہ بیرون ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں نے وزیراعظم ریلیف فنڈکے اکاوٴنٹس کھولے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کا معاملہ ایک اہم مسئلہ ہے، دونوں ممالک کے درمیان پانی کے حوالے سے سندھ طاس معاہدہ بھی موجود ہے۔

بھارت کی جانب سے پاکستان پر جاسوسی کے الزامات درست نہیں، سیاچن پر فوجی نقل وحرکت اور ماحولیاتی اثرات کے حوالے سے غیرسرکاری تنظیمیں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مصیبت کی اس گھڑ ی میں سیلاب سے متاثرہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہم نے کشمیری بہن بھائیوں کو امداد کی پیش کش بھی کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کے باعث پھنسے پاکستانی گالفرز ابھی تک بھارت میں ہی ہیں اور پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطے میں ہیں، گالفرز کو جلد وطن واپس لایا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ موخر ہوا ہے منسوخ نہیں ہوا، چینی صدر کا دورے کے لئے نئی تاریخ کے حوالے سے سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے، چینی صدر کے دورے کی نئی تاریخ کا اعلان بیجنگ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا، چین کے ساتھ کئے گئے تمام معاہدے قائم ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، ہم اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر رہے ہیں اور شمالی وزیرستان میں آپریشن اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، اسلام آباد میں سفارت خانوں کا تحفظ پاکستان کی ذمہ داری ہے۔

میڈیا رپورٹس سے پتا چلا ہے کہ کچھ پاکستانیوں کو ایران میں پکڑا گیا ہے، تصدیق کے لیے ایرانی سفارتخانے سے رابطہ کیا ہے۔تسنیم اسلم نے کہاکہ شام پر حملے دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) کے بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ کے باعث کییجارہے ہیں، شام میں حملوں پر امریکی صدر براک اوباما کے اعلان سے متعلق ابھی کوئی واضح پوزیشن نہیں لی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ابھی فیصلہ نہیں ہوا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کون کرے گا ۔ تسنیم اسلم نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو اور ڈپلومیٹک کمیونٹی کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، ڈپلومیٹک انکلیو کے باہر مظاہرے نہیں ہوئے۔