مظفرگڑھ سیلاب متاثرین کے لیے آنے والا پی ڈی ایم اے کا امدادی سامان بااثر لیگی عہدیدارنے کریانہ سٹور پر فروخت کر ڈالا ، شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو اطلا ع دے کر سٹور سے سرکاری سامان برآمد کروا دیا ، تھانہ سول لائن پولیس نے سٹور مالک کے دو بیٹوں کو گرفتار کر لیا

ہفتہ 27 ستمبر 2014 17:05

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء ) مظفرگڑھ سیلاب متاثرین کے لیے آنے والا پی ڈی ایم اے کا امدادی سامان بااثر لیگی عہدیدارنے کریانہ سٹور پر فروخت کر ڈالا ، شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو اطلا ع دے کر سٹور سے سرکاری سامان برآمد کروا دیا ، تھانہ سول لائن پولیس نے سٹور مالک کے دو بیٹوں کو گرفتار کر لیا جبکہ بااثر لیگی عہدیدار کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہ لائی جا سکی ، شہریوں کا سیلاب متاثرین کے لیے آنے والے راشن کی فروخت کے خلاف پنجاب حکومت اور عوامی نمائندوں کے خلاف احتجاج ۔

(جاری ہے)

تفصیل کے مطابق ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ نے پروانشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آنے والا راشن اور دیگر ساما ن ڈی جی خان روڈ کے ساتھ واقع وئیر ہاؤس میں رکھا ہوا ہے جبکہ گزشتہ روز شہریوں نے بڑی تعداد مملہ چوک کے ساتھ واقع اسلام الدین کے گودام کے باہر جمع ہو گئے اور انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور تھانہ سول لائن پولیس کو اطلاع دی کہ مظفرگڑھ کے بااثر مسلم لیگی عہدیدار نے سیلاب متاثرین کے لیے آنے والا راشن کا سامان کریانہ سٹور کے گودام میں رکھا ہوا ہے جس پر اسسٹنٹ کمشنر رانا آفتاب احمد اور تحصیلدار صاحبزادہ ظفر مہاروی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کریانہ سٹور کے گودام پر پہنچ گئے اور سامان چیک کیا تو اس میں 95 راشن بیگ سرکاری پیکنگ کے ساتھ موجود تھے جن کو انتظامیہ نے اپنے قبضے میں لیتے ہوئے کریانہ سٹور کے مالک کے دو بیٹوں اکمل اور مزمل کو گرفتار کر لیا ہے تھانہ سول لائن پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے کاروائی شروع کر دی ہے جبکہ پولیس اور انتظامیہ پر لیگی عہدیدارکو مقدمہ میں شامل نہ کرنے کے لیے شدید دباؤ ڈالا جارہا ہے کیونکہ اس سے قبل بھی لیگی عہدیدار کی غیر قانونی اور مجرمانہ کاروائیوں پر ضلعی انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر کے غریب مزدوروں کو قربانی کا بکرا بنا کر مقدمات درج کیے اور لیگی عہدیدار کو مقدمہ میں شامل نہ کیا ،دوسری طرف شہریوں کی بڑی تعداد نے سیلاب متاثرین کے راشن کی فروخت پر شدیدا حتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ مظفرگڑھ شہر میں دھڑلے کے ساتھ سیلاب متاثرین کے لیے آنے والے خیمے اور راشن فروخت کیا جا رہا ہے جس پر انتظامیہ کاروائی کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے اور اب شہریوں کی طرف سے رنگے ہاتھوں سامان پکڑوانے کے باوجود بااثر افراد کو بچانے کے لیے کوششیں کرنے والے عوامی نمائندگان کا کردار بھی قابل مذمت ہے ، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پی ڈی ایم اے کی طرف سے ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کو آنے والا امدادی سامان ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شفاف طریقے سے متاثرین سیلاب میں تقسیم کرنے کی بجائے مسلم لیگ ن کے ایم پی ایز کو نوازنے کے لیے سامان کے ٹرک فراہم کیے ہیں جس کی وجہ سے مظفرگڑھ کے سیلاب سے متاثرہ بیشتر علاقے تا حال امدادی سرگرمیوں اور سامان سے محروم ہیں ۔

متعلقہ عنوان :