وزیر اعظم فکر نہ کریں، دھرنے حکومت کو "دھر"کے ہی دم لیں گے، عبدالعلیم خان

منگل 28 اکتوبر 2014 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اکتوبر 2014ء) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم فکر نہ کریں دھرنے حکومت کو "دھر" کے ہی دم لیں گے اور بالآخر جیت عوام کی ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جعلی جمہوریت اور دھاندلی زدہ قیادت کے دن گنے جاچکے ہیں اور انہیں ملک و قوم کو تباہی کی طرف دھکیلنے کی مزیدمہلت نہیں ملے گی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان نے ملک گیرتحریک کا آغاز کرکے نیا سیاسی ویژن دیا ہے اور اب خیبر سے کراچی تک کے عوام جاگ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور خود ساختہ مینڈیٹ کے نام پر عوامی حقوق غصب کرنے والے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ پی ٹی آئی کا دھرنا اور احتجاج سسٹم کی ناکامیوں اور خرابیوں کے خلاف ہے جسے منطقی انجام تک پہنچائے بغیر نہیں رکیں گے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ طویل ترین دھرنے سے بوکھلانے والی حکومت کی دراصل ٹانگیں کانپ رہی ہیں کیونکہ غیر متزلزل شخصیت کے مالک عمران خان نے کسی بھی دباوٴ کا شکار ہونے سے انکار کردیا ہے اسی لیے اب وزیراعظم سمیت حکومتی شخصیات بدحواسیوں پر مبنی بیانات دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو لاہور شہر سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک نے آج ملک گیر شکل اختیار کرلی ہے جس میں یوتھ اور ویمن ونگ کی کارکردگی انتہائی نمایاں ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ عنقریب پی ٹی آئی میں مزید اہم شخصیات شمولیت اختیار کریگی ، جس کا سہرا عمران خان اور ان کی ولولہ انگیز قیادت کے سر ہے جو انشاء اللہ نئے پاکستان کی تشکیل کے لیے کسی رکاوٹ کو خاطر نہیں لائینگے۔

متعلقہ عنوان :