مریم نواز کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت 10نومبر تک ملتوی

بدھ 5 نومبر 2014 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5نومبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون سکیم تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت کے دوران قرار دیا ہے کہ وفاقی حکومت اس درخواست میں سنجیدگی نہیں دکھا رہی، اگر حکومت سکیم کا قانونی جواز پیش نہ کر سکی تو سکیم کے تحت ادائیگیاں روکی جا سکتی ہیں،لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے زبیر نیازی کی طرف سے دائر درخواست درخواست پر سماعت شروع کی تو چیئرپرسن یوتھ لون سکیم اور وفاقی حکومت کی طرف سے جواب داخل نہ کرایا جا سکا اور نہ ہی سکیم کا نمائندہ عدالت میں پیش ہوا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ حکومت اس درخواست میں سنجیدگی نہیں دکھا رہی، ایسا نہ ہوکہ آئندہ سماعت پر چیئرپرسن یوتھ لون سکیم کو طلب کرنا پڑا، عدالت نے مزید ریمارکس دیتے ہوئے قرار دیا کہ اگر حکومت یوتھ لون سکیم کا قانونی جواز پیش نہ کر سکی تو سکیم تحت ادائیگیاں روکی جا سکتی ہیں، وفاقی حکومت کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل عامر رحمان چودھری نے کہا کہ محرم الحرام کی چھٹیوں کی وجہ سے فریقین کی طرف سے جواب داخل نہیں کرایا جاسکا، جواب داخل کرانے کیلئے مزید مہلت دی جائے، درخواست گزار زبیر نیاز ی کے وکیل شیراز ذکا ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ حکومت تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے، مریم نواز کی بطور چیئرپرسن تقرری قواعد سے ہٹ کرسیاسی بنیادوں پر کی گئی ہے لہذا مریم نواز کی تقرری کالعدم کی جائے ، عدالت نے چیئرپرسن یوتھ لون سکیم اور وفاقی حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 10نومبر تک ملتوی کر دی ، عدالت نے آئندہ سماعت پر سکیم کے نمائندے کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :