Live Updates

انجمن تاجران ضلع لاہور کے عہدیداران کی پی ٹی آئی کی ضلعی قیادت سے ملاقات ،بھر پور حمایت کا اعلان،

تاجر برادری کو ڈرا دھمکا کر بیانات دلوائے جارہے ہیں، صدر میاں طارق فیروز کی عبدالعلیم خان کو بریفنگ

جمعرات 4 دسمبر 2014 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 04 دسمبر 2014ء ) انجمن تاجران ضلع لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، جنرل سیکرٹری حاجی طاہر نوید، سیکرٹری اطلاعات پنجاب میاں محمد ادریس اور اندرون شہر کے ملک زمان نصیب کی سربراہی میں تاجر برادری کے نمائندہ وفد نے تحریک انصاف کے دفتر میں ضلعی صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور بالخصوص 15دسمبر کو لاہور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے تاجربرادری کو ڈرا دھمکا کر بیانات دلوائے جارہے ہیں ضلع اور ٹی ایم اے کی انتظامیہ مختلف مارکیٹوں میں ٹریڈرز کمیونٹی کو حکومت کی طرف سے عمران خان کی حمایت نہ کرنے کے پیغامات بھجوا رہی ہے لیکن باشعور تاجر طبقہ بخوبی جانتا ہے کہ عمران خان کی جدوجہد ملک و قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ہے اور وہ اس قومی فرض کی ادائیگی میں پیچھے نہیں رہیں گے۔

(جاری ہے)

انجمن تاجران لاہور کے عہدیداران نے واضح کیا کہ وہ 15 دسمبر سے قبل اسلام آباد جا کر کنٹینر پر عمران خان سے اظہار یکجہتی کریں گے جبکہ 6دسمبر کو لاہور آمد پر شہر کی تاجر کمیونٹی کا نمائندہ وفد عمران خان سے ملاقات کرے گا۔تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی لاہورکے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان 15دسمبر کو لاہو رکے دس مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے ہمارا احتجاج صبح 8بجے شروع ہوجائے گا ہم شٹر ڈاوٴن کی اپیل نہیں کررہے رضاکارانہ طور پر کاروبار بند رکھنے والوں اور دوکانیں کھولنے والوں کا یکساں تحفظ پی ٹی آئی کے کارکن یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو بھی 15دسمبر کو بند رکھنے کی اپیل کی جائے گی پی ٹی آئی لاہور شہر کے 10 سے زائد مقامات پر احتجاج کی منصوبہ بندی کررہی ہے جس میں سول سوسائٹی سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے افراد شرکت کریں گے۔عبدالعلیم خان نے تحریک انصاف کی حمایت کرنے پر انجمن تاجران لاہور کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور ان کی جلد عمران خان سے باضابطہ ملاقات کرانے کا وعدہ کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی لاہور کے عہدیداران میاں حامد معراج، جمشید اقبال چیمہ، شعیب صدیقی، میاں طارق، فواد رسول بھلر، فرخ جاوید مون،میاں سلمان شعیب اور شیخ عامر بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے اپنے علاقوں میں 15دسمبر کے احتجاج میں تاجر برادری کی شرکت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات