حکومت نے ریاستی تشدد کی بدترین مثال قائم کی ، آج لاہور میں یوم سوگ منایا جائے گا ، عبدالعلیم خان ،

این اے 122 اور پی پی 147 میں تھیلے کھولنے کا حکم ، دھاندلی کو ثابت کردے گا، حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں، مسجد شہدا کے باہر دن ڈیڑھ بجے غائبانہ نماز جنازہ ہوگا ، کارکن گلی گلی احتجاج کریں گے،پی ٹی آئی صدر لاہور

پیر 8 دسمبر 2014 19:08

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2014ء) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے فیصل آباد میں ہونے والی فائرنگ کو ریاستی تشدد کی بدترین مثال اور حکومت کی نااہلی قرار دیا ہے - انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن دھاندلی اور نااہل حکومت کے خلاف پرامن احتجاج کررہے تھے جسے حکومت نے منصوبہ بندی کے تحت پرتشدد اور اور مارکٹائی میں بدل دیا ، دن دیہاڑے پولیس کی موجودگی میں فائرنگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے ، دنیا نے دیکھ لیا کہ تمام تر حکومتی دباؤ کے باوجود فیصل آباد کے عوام عمران خان کی کال پر والہانہ گھروں سے نکلے اور پورے شہر کو جام کردیا - عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور میں بھی 15 دسمبر کو ہر گلی اور کونے میں احتجاج کریں گے اور اگر فیصل آباد والی حرکت کی گئی تو اس کے نتائج کی ذمہ دار حکومت خود ہوگی -عبدالعلیم خان نے منگل کے دن لاہور بھر میں فیصل آباد کے واقعہ خلاف احتجاج کرتے ہوئے یوم سوگ منانے کا اعلان کیا اور دن ڈیڑھ بجے مسجد شہداء کے باہر مال روڈ پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کیا جائے گا -عبدالعلیم خان نے الیکشن ٹربیونل کی طرف سے این اے 122 اور پی پی 147 کے تھیلے کھولنے اور دوبارہ گنتی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب دھاندلی کے تمام ثبوت منظر عام پر آجائیں گے ، حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں اور 14 اگست سے ملک بھر میں جاری احتجاج اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والا ہے - عبدالعلیم خان نے لاہور کا تنظیمی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے تاکہ پیدا شدہ سیاسی صورتحال کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جاسکے -دریں اثناء پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے دیگر عہدیداروں اور پارٹی کارکنوں کے ہمراہ رات گئے فیصل آباد سے واپسی پر پارٹی اجلاس منعقد کیا اور ان سے پارٹی امور پر صلاح مشورے کئے -پی ٹی آئی لاہور کے عہدیداران جمشید اقبال چیمہ، میاں حامد معراج، شعیب صدیقی ، میاں افتخار ، ظہیر عباس کھوکھر، ڈاکٹر زرقا بٹ ، نوشین حامد معراج، فرخ جاوید مون اور ثانیہ کامران بھی اس موقع پر موجود تھی -پی پی 147 سے پی ٹی آئی کے امیدوار شعیب صدیقی اور انیس علی ہاشمی ایڈووکیٹ نے عبدالعلیم خان کو آج الیکشن ٹربیونل میں ہونے والی کاروائی پر بریفنگ دی-