Live Updates

پرامن کارکنوں پر تشدد بند نہ ہوا تو احتجاج کا رخ محلات کی طرف ہوجائے گا، عبدالعلیم خان،

لاٹھی گولی کی سرکار کا "ڈرٹی پلان" بے نقاب ہوگیا، جبر سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو دبایا نہیں جاسکتا،لاہور میں حق نواز کی غائبانہ نماز جنازہ میں پارٹی قیادت کی شرکت، کارکنوں کو پرامن رہنے اور میڈیا کی حفاظت کی اپیل

منگل 9 دسمبر 2014 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ غندہ عناصر کے پرامن کارکنوں پر حملے بند نہ ہوئے تو احتجاج کا رخ محلات کی طرف ہوجائے گا فیصل آباد میں حق نواز کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی اس افسوسناک واقع کی فوری تحقیقات کرکے ملزمان کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں پچاس لاکھ روپے کا انعام اور فرضی کاروائی حکومتی ڈرامہ ہے انصاف نہ ملا تو پی ٹی آئی کے کارکن ہر روز احتجاج کریں گے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاٹھی اور گولی کی زبان بولنے والی موجودہ سرکار کا "ڈرٹی پلان" بے نقاب ہوگیا ہے۔ بے گناہ عوام پر تشدد اور اندھا دھند فائرنگ کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے حکمرانوں نے سانحہ ماڈل ٹاوٴن سے سبق سیکھنے کی بجائے دوبارہ پولیس کی موجودگی میں لاقانونیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے ۔

(جاری ہے)

15دسمبر کو لاہور شہر میں بھر پور احتجاج ہوگا ہم انجمن تاجران کی طرف سے شہر بند رکھنے کے اعلان کی مکمل حمایت کرتے ہیں اگر کسی نے دوبارہ گڑبڑ کرنے کی کوشش کی تو تحریک انصاف کے کارکن اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے اب کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے اپنے جمہوری اور آئینی حق کے لیے باہر آنے والے پی ٹی آئی ورکرز کو کسی قیمت پر دبایا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے رویہ تبدیل نہ کیا تو لاہور شہر کے ہر علاقے میں 15دسمبر تک روزانہ احتجاج جاری رہے گا جس کے لیے پارٹی کی اعلی قیادت فیصلہ کرے گی۔ عبدالعلیم خان نے فیصل آباد میں شہید ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکن حق نواز کی غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں پرامن رہنے اور بالخصوص میڈیا کی گاڑیوں اور عملے کی حفاظت کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے جان بوجھ کر حالات کو خراب کیا ہے تاکہ عوام کی توجہ کو بنیادی مسائل سے ہٹایا جاسکے۔ میڈیا گواہ ہے کہ تحریک انصاف نے کبھی بھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے لیکن وزراء صاحبان اپنی وفاداری ثابت کرنے کے چکر میں ہمیشہ صورتحال کو بگاڑتے چلے گئے ہیں اب تحریک انصاف اپنے کارکنوں کی جانوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اب فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور کے شہر یوں نے ہی 14اگست کو اس عظیم الشان لانگ مارچ کا آغا ز کیا تھا جو آج ملک بھر میں مضبوط احتجاجی تحریک کی شکل اختیار کرچکا ہے انہوں نے کہا کہ 15دسمبر کو زندہ دلان لاہور اپنے قومی ہیرو عمران خان کی اپیل پر تاریخی ہڑتال، احتجاج اور اپنے جذبات کا آئین اور قانون کے دائرے میں اظہار کریں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ این اے 122اور پی پی 147میں الیکشن ٹریبونل کے فیصلے سے نواز لیگ کو سبکی ہوئی ہے اور اب دھاندلی کے ثبو ت منظر عام پر آنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی زدہ جعلی جمہوریت عوام کے لیے قابل قبول نہیں۔حکومت پراپیگنڈے کے لیے جس قدر مرضی اشتہار بازی کرلے عوام تبدیلی لانے کا اٹل فیصلہ کرچکے ہیں۔پی ٹی آئی لاہور کی اپیل پر میاں اسلم اقبال ضلعی عہدیداران جمشید اقبال چیمہ، میاں حامد معراج، شعیب صدیقی، مہر واجد عظیم، میاں افتخار، ظہیر عباس کھوکھر، راشد ریاض،یامین ٹیپو، جمشید بٹ، فرخ جاویدمون، شیخ عامر،سلونی بخاری ، ڈاکٹر زرقاتمور،سارہ احمد اور میاں جاوید علی کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ حق نواز کے غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کی جہاں پر "گو نواز گو" ، " الوداع نواز الوداع" اور حکومت مخالف نعرے لگائے گئے اور حکومت کے خاتمے تک شہرشہر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا پی ٹی آئی کی خواتین رہنماوٴں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات