Live Updates

حکمران جاتی عمرہ کے گرد کنٹینرز کے حصار میں بھی عوامی احتجاج سے نہیں بچ سکتے‘ عبدالعلیم خان،

15دسمبر کو لاہور میں احتجاج کی ٹھوس منصوبہ بندی کررہے ہیں، کسی کو گڑ بڑ نہیں کرنے دینگے‘ صدر پی ٹی آئی لاہور

بدھ 10 دسمبر 2014 18:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکمرانون نے بدحواس ہو کر ایک ہفتہ قبل ہی جاتی عمرہ کے گرد کنٹینرز کا حصار شروع کردیا گیا ہے اور اگر فیصل آباد والی گھناوٴنی حرکت کا اعادہ کیا گیا تو کسی قسم کی حفاظتی تدبیر کے باوجود شریف برادران عوام احتجاج سے بچ نہیں سکیں گے اور انہیں عوامی غیض و غضب کاسامنا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی طرف سے 15دسمبرکو لاہور شہر میں مختلف مقامات پر احتجاج کی ٹھوس منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور انشاء اللہ پروگرام کے مطابق سوموار کو صبح 8بجے پارٹی کارکن شہر کے مختلف ٹاوٴنز کی تنظیم کے ذریعے انتخابی دھاندلی، حکومتی نااہلی اور امن و امان کی خراب تر صورتحال کے خلاف احتجاج شروع کرینگے اور شہر بھر میں کسی کو گڑ بڑ کی اجازت نہیں دینگے بصورت دیگر اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور بھر کی تاجربرادری پہلے ہی 15دسمبر کو مکمل ہڑتال اور کاروباری مراکز بند رکھنے کا اعلان کرچکی ہے لیکن حکومت دباوٴ کے تمام حربے اختیار کرکے تاجر تنظیموں میں پھوٹ ڈلوانے اور اپنے مقاصد حاصل کرنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف ڈسٹرکٹ بار اور وکلاء تنظیموں سے بھی رابطے میں ہے اور انشاء اللہ سول سوسائٹی عمران خان کے ویژن کا بھرپور ساتھ دے گی۔

دریں اثناء پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے شہر کے مختلف ٹاوٴنز کے اجلاس منعقد کیے اور مقامی تنظیم سے 15دسمبر کے احتجاج کے حوالے سے مشاورت کی۔ پی ٹی آئی کے ضلعی عہدیداران جمشیدا قبال چیمہ، شعیب صدیقی، میاں حامد معراج، یامین ٹیپو، مہر واجد عظیم، میاں افتخار، فرخ جاوید مون، جمشید بٹ اور امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی ظہیر عباس کھوکھر، میاں حامد زمان، خالد گجر، خواتین رہنما ڈاکٹر زرقا، نوشین حامد ، یوتھ اور آئی ایس ایف کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے اپنے اپنے علاقوں کے حوالے سے عبدالعلیم خان کو 15دسمبر کے احتجاج کے بارے میں ممکنہ تیاریوں کے بارے آگاہ کیا۔

پی ٹی آئی لاہور کی تنظیم احتجاج سے ایک قبل اتوار کی رات کو ریلی کے انعقاد پر بھی غور کررہی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات