Live Updates

اقتصادی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے،احسن اقبال ،

جوڈیشل کمیشن کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے ، ملک کو جتنی ضرورت عمران خان کی ہے اتنی ہی نوازشریف ،شہبازشریف ، محمود اچکزئی ، حاصل بزنجو ، الطاف حسین اور آصف علی زرداری کی ہے، وفاقی وزیر کا سیمینار سے خطاب

جمعرات 11 دسمبر 2014 21:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ و امور نوجواناں پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ جوڈیشل کمیشن کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے  انتخابی اصلاحات اور جوڈیشل کمیشن کے فیصلہ پر عمل کریں گے۔ ملک کو جتنی ضرورت عمران خان کی ہے اتنی ہی نوازشریف  شہبازشریف  محمود اچکزئی  حاصل بزنجو  الطاف حسین اور آصف علی زرداری کی ہے۔

یہ سب گلدستے کے پھول ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں (جائیکا) اے سی سی یو سمیت دیگر تنظیموں کے اشتراک سے منعقدہ انٹرنیشنل کمیونٹی ڈویلپمنٹ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ بحران کے حل کیلئے مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے جو ملک کیلئے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی نے مثبت جواب دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم نے خوبصورت مینڈیٹ دیا ہے  حکمران اور سیاسی جماعتوں کو سڑکوں میں مقابلے کی بجائے غربت  جہالت اور بیماریوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار اداکرنا چاہئے تاکہ خوشحال پاکستان بنے۔ سڑکوں پر ملک کو فائدہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آنیوالی ہے جبکہ خدانخواستہ بحران رہا تو اس میں خلل پیدا ہو گا۔

امید کرتا ہوں کہ مذاکرات کے دوران تمام فریقین اس با ت کا خیال رکھیں گے کہ ماحول اچھا رکھیں تاکہ مذاکرات آگے کی سمت بڑھیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو ترقی دینے اور مسائل سے نکالنے کیلئے کوئی جماعت تنہا بحرانوں کو ختم نہیں کر سکتی۔ اس کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خطے کو دیکھیں تو بھارت آگے نکل گیا ہے اور بنگلہ دیش بھی آگے کی طرف گامزن ہے۔

پی ٹی آئی ایک قدم آگے ہے ہم دو قدم آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہو گا اور کامیابی کا حل تلاش کریں۔ امید ہے کہ پی ٹی آئی کوشش کرے گی کہ مذاکرات آگے بڑھیں جوڈیشل کمیشن پر ہم پہلے دن سے ہی متفق ہیں۔ وزیراعظم کے استعفیٰ کے مطالبات پر تعطل پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آگے کی طرف بڑھ رہا ہے  15 ماہ میں تنزلی کے عمل پر قابو پا لیا گیا ہے  ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

معیشت کی بحالی  امن کے فروغ  نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں  نوجوان آسودہ ہونگے تو ملک ترقی کرے گا اگر ان کو مواقع نہیں ملیں گے تو مسائل پیدا ہونگے۔ موجودہ حکومت نوجوانوں کی ترقی کیلئے اپنی توجہ دے رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کینیا کی کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔ مذکورہ سیمینار سے ذکیہ شاہنواز  ڈاکٹر پرویز احمد خان سمیت دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات