Live Updates

پی ٹی آئی لاہور کی ڈسٹرکٹ باڈی کا اجلاس،انتظامیہ سے مذاکرات اور 15دسمبر کے احتجاج کے لیے انتظامات مکمل ،

لاہور شہر کی 18حصوں میں تقسیم، مختلف شعبوں اورانتظامی اداروں سے مشاورت ہورہی ہے،عبدالعلیم خان

جمعہ 12 دسمبر 2014 22:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر۔2014ء) تحریک انصاف ضلع لاہور کی ڈسٹرکٹ باڈی کے اہم مشاورتی اجلاس میں شہر کو 13 حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے 15دسمبر کے عوامی احتجاج کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت انتظامیہ اور پولیس حکام سے مذاکرات اور مختلف تنظیموں اور اداروں سے مشاورت بھی جاری ہے پی ٹی آئی لاہور کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور شہر کو قومی اسمبلی کے ہر حلقے کی بنیاد پر جس میں صوبائی اسمبلی کے دو حلقے بھی شامل ہونگے پارٹی تنظیم کے تحت 18حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں 15دسمبر کے احتجاج کو زیادہ سے زیادہ منظم اور موثر بنانے کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں اور پی ٹی آئی کے عہدیداران کی ڈیوٹیاں بھی لگائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لاہور کے عہدیداران نے ضلعی انتظامیہ اورپولیس حکام سے منعقدہ اجلاس میں واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف پہلے کی طرح آئندہ بھی پرامن احتجاج پر یقین رکھتی ہے البتہ اگر نون لیگ کے "گلووٴں" نے دوبارہ کام دکھانے کی کوشش کی تو اس مرتبہ انہیں منہ کی کھانی پڑے گی لیکن ابھی تک ہمیں یقین دہانی نہیں کرائی گئی کہ15نومبرکو " گلووٴں" کو سڑکوں پر لانے کے بارے میں کیا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ شنید یہی ہے کہ فیصل آباد کے واقعہ سے سبق سیکھنے کی بجائے لاہور میں بعض وزراء خفیہ اجلاسوں میں 15دسمبر کو بدامنی پھیلانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آنکھ کے ذریعے حقائق منظر عام پر آچکے ہیں لیکن حکمران پی ٹی آئی پر الزامات عائد کرکے خود کو ذمہ داری سے بچانا چاہتے ہیں۔ اجلاس میں پی ٹی آئی لاہور کے ٹاوٴن صدور، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ویمن ونگ، لائرز، ٹیچرز، ٹریڈرز، آئی ایس ایف، یوتھ اور تمام شعبہ جات کے عہدیداران نے شرکت کی اجلاس میں یہ فیصلہ کیاگیاکہ لاہور کو 18مقامات سے بند کیا جائیگا جن میں شاہدرہ چوک، بابو صابو انٹر چینج،بھٹہ چوک ،چونگی امرسدھو، ٹھوکرنیاز بیگ ، راے ونڈ روڈ کنیل روڈ،چیرنگ کراس،بھاٹی چوک ،سیکم موڑ، ڈفنس روڈ والٹن ،چوبرجی چوک ،وحدت روڈ،لبرٹی چوک،اکبر چوک ٹاون شپ،جوڑے پل الفیصل ٹاون،مزنگ چونگی اورلاہور ہائی کورٹ چوک شامل ہیں۔

ان تمام مقامات پر پی ٹی آئی کے لیڈراور پارٹی ورکروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔قبل ازین پی ٹی آئی لاہور کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان کی ہدایت پر ایم پی اے میاں اسلم اقبال، ضلعی عہدیداران شعیب صدیقی، جمشید اقبال چیمہ، میاں حامد معراج، فرید الدین احمد، میاں افتخاراور میاں محمد نعیم نے ڈی سی او لاہور ، ڈی آئی جی آپریشنز اور سی ٹی او لاہور سے ہونے والی ملاقات اور 15دسمبر کے حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ کیے جانے والے تحفظات کے بارے میں بتایا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات