ڈی سی او قصور کے زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس

منگل 23 دسمبر 2014 16:55

قصور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء)ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ کے زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد ،ڈی او سی چوہدری محمد رفیق، اسسٹنٹ کمشنر قصور وردہ مشہود شورش ، اے سی چونیاں شیخ محمد سلیم ،ای ڈ ی او زراعت چوہدری بشیر احمد ، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سید محمد رضا ، ڈی او انٹر پرائز مظفر حسین انصاری ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ماجد علی خاں ، ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر محمداشرف اور ضلع بھر کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی ۔

ڈی سی او نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی فرداً فرداً کارکردگی کا جائزہ لیا اور تمام افسران سے پرائس کو چیک کرنے کے طریقہ کار بارے دریافت کیا اور صفر کارکردگی دینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس دینے کی ہدایت کی ۔

اس موقع پر ڈی سی او قصور نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر ہر صورت عملدرآمد اور ریٹ لسٹوں کو بھی نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائینگے ۔ڈی سی او نے کہا کہ عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اب ہر ہفتے میٹنگ ہوا کریگی اور کام نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔