صوبہ میں سپورٹس گراؤنڈزکی تزہین آرائش سمیت نئے گراؤنڈز کی تعمیر ہنگامی بنیادوں پرشروع کرنے کا فیصلہ ،

صوبہ کے تمام ڈپٹی کمشنرزکو 15جنوری تک سپورٹس گراؤنڈ زکیلئے زمین مختص کرنے اورپرانے گراؤنڈکی تزہین و آرائش کیلئے جلد از جلد پلان ترتیب دیا جائے، امجد خان آفریدی

منگل 23 دسمبر 2014 18:26

پشاور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے کھیل ، امور نوجوانان اورآثار قدیمہ امجد خان آفریدی نے صوبہ کے تمام ڈپٹی کمشنر کو 15جنوری تک سپورٹس گراؤنڈز کیلئے زمین حوالے کرنے کی سختی سے ہدایت کر دی ، اسی سلسلے میں گزشتہ روز ایک اجلاس زیر صدارت وزیر اعلیٰ کے مشیر امجد خان آفریدی کانفرنس ہال ٹوورازم کارپوریشن پشاور میں منعقد ہوا ، جس میں صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز سمیت ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس و ٹوورازم ، یوتھ آفیئرز اینڈ میوزیم محمدہمایون ، ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا میاں عادل اقبال اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں، وزیر اعلیٰ کے مشیر امجدخان آفریدی نے کہاکہ گراؤنڈز کی تعمیر سمیت نئی جگہوں کا بھی تعین کیا جائے تاکہ ان جگہوں کوسپورٹس کی ترقی و فروغ کیلئے استعمال میں لایا جا سکے اور ساتھ ہی سیاحت کو بھی فروغ دیا جا سکے ،انہوں نے مزیدیہ کہاکہ پرانے گراؤنڈز کی تزہین و آرائش کیلئے کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز ڈسٹرکٹ سطح سے کیا جائے ،ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے مشیر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جوان مرکز پروگرام پرتمام ڈپٹی کمشنرز نوجوانوں پر مشتمل 15رکنی کمیٹی ترتیب دیں جس میں 15سے 19سالہ عمر کے نوجوانوں کو شامل کیا جائے ،انہوں نے صوبے کے متعلقہ افسران کو ڈسٹرکٹ سطح پر سالانہ سپورٹس سرگرمیوں کیلئے شیڈول بنا کر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ بھجوائے کی ہدایات جاری کیں، تاکہ ڈسٹرکٹ سطح پر سپورٹس ایونٹس کا آغاز ہو سکے ،وزیر اعلیٰ کے مشیرامجد آفریدی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو 30روز کے اندر سیاحت اور آثارقدیمہ کیلئے پلان ترتیب دینے اور کھیلوں کے سامان کو ہریو نین کونسل لیول پر دو ماہ کے اندر اندر تقسیم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں،جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز کے تعاون اور مدد سے ترجیہی بنیادوں پر سپورٹس گراؤنڈ کی تزہین آرائش کیلئے باقاعدہ فہرست فراہم کریں تاکہ جن گراؤنڈکی حالت ٹھیک نہیں ان کی تزہین و آرائش کاکام جلد شروع کیا سکے