لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نواز کی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست پرفریقین کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر حتمی بحث کیلئے طلب کر لیا

منگل 23 دسمبر 2014 18:38

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نواز کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پرفریقین کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد مسعود نقوی نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار سابق باکسر زین العابدین کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے ڈی سی پاکستان سپورٹس بورڈ کو زائد عمر اور کم تجربہ کار ہونے کے باوجود سیاسی بنیادوں پر میرٹ کے برعکس تعینات کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرٹ پر تعیناتی نہ ہونے سے سپورٹس بورڈ کے معاملات درست نہیں چلائے جا رہے جبکہ ڈی جی سپورٹس بورڈ اختر نواز سپورٹس بورڈ میں اقربا پروری کو فروغ دے رہے ہیں لہذا انکی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا جائے۔وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ڈی جی سپورٹس بورڈ کی تعیناتی طے شدہ طریقہ کار کے مطابق کی گئی،درخواست گزار نے ذاتی رنجش کی بناء پر بے بنیاد الزامات لگائے لہذا درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا جائے۔جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت اکیس جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔