دعووئں کے بر عکس پلڈاٹ کے سروے نے نواز لیگ کی جمہوریت نوازی کا پول کھول دیا‘ عبدالعلیم خان ،

پی ٹی آئی مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہے،پشاور کے سانحے پر فضا سوگوار ہے‘تقریب سے خطاب

بدھ 24 دسمبر 2014 19:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء ) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومتی دعوؤں کے برعکس پلڈاٹ کے سروے نے نواز لیگ کی جمہوریت نوازی کا پول کھول دیا ہے اب سرکاری سطح پر اس سروے کی تشہیر اس لیے نہیں کی گئی کہ نواز لیگ کے 32فیصد کے مقابلے میں تحریک انصاف 49فیصد کے گراف کی حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی بیداری اور سیاسی سوچ کے بعد ملک کے سیاسی حالات بدل چکے ہیں اور اب سب ادارے عمران خان کی مقبولیت کا اعتراف کرنے پر مجبور ہیں جنہوں نے 4ماہ سے زائد اصولوں کی خاطر احتجاج جاری رکھا اور اب بھی اپنے اصولی موقوف سے پیچھے نہیں ہٹے بلکہ ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے قومی تقاضوں کو فو قیت دی ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ این اے 122اور پی پی 147سمیت جہا ں بھی تھیلے کھولے جا رہے ہیں دھاندلی کے ثبوت منظر عام پر آرہے ہیں اور انشاء اللہ جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

کرسمس ڈے کے سلسلے میں پی ٹی آئی اقلیتی ونگ کے صدر عامر سمو ئیل ، ولیم بھٹی اور غزالہ بیگم نے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا اور اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پی ٹی آئی مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں لیکن پشاور کے سانحہ کے باعث ملکی فضا سوگوار ہے اور ہم سب سادگی کے ساتھ کرسمس منانے کا اعلان کرتے ہیں ۔