سانحہ پشاورمیں بچوں کی شہادت پر ہر آنکھ اشکبار ہے ،قوم و ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے تعلیم کو عام کرنا ہو گا ، بریگیڈئر اقبال شفیع

بدھ 31 دسمبر 2014 14:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 31دسمبر 2014ء) تحریک پاکستان گولڈ میڈلسٹ اور سرسید میموریل سوسائٹی کے صدر بریگیڈئر اقبال شفیع نے کہا ہے کہ سانحہ پشاورنے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے آرمی پبلک سکول میں بچوں کی شہادت پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور پوری قوم غم زدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہمارے دشمن تعلیمی اداروں پر حملے کر کے ہمارے مستقبل اور ترقی کے راستوں کو مسدود کرنا چاہتے ہیں۔

کیونکہ تعلیم اور تربیت کے ذریعے ہی ہم اپنے بچوں کو بہتر مستقبل دے سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرسید میموریل سوسائٹی اورالبصیرةکے اشتراک سے ایوانِ سرسید میں منعقدہونے والی دعائیہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اِس سانحے پر یکجا ہونا قوم و ملک کے لئے خوش آئند بات ہے۔

(جاری ہے)

اگر ہم اسی طرح متحد رہے تو کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی اور نہ ہی اس طرح کے حملوں سے خوف زدہ کر سکتی ہے۔

تعلیم وہ واحد ذریعہ ہے جو قوم کو آپس میں جوڑے رکھ سکتا ہے۔ وقت کی اشد ضرورت ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کی کردار سازی کی جائے انہیں سرسیّد اقبالاور قائد اعظم کے وژن سے روشناس کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں لوگ معصوم بچوں کو شہید کر رہے ہیں کیا یہ قائد اعظم کا پاکستان ہے۔ ہمارے لیے یہ بہت بڑا سانحہ ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ہماری دعا ہے کہ خدا معصومین کے درجات بلند کرے اور متاثرہ خاندانوں کو صبر کی طاقت دے۔ البصیرة کے چیئرمین اورملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری ثاقب اکبر نے کہا کہ سانحہ پشاور ایک افسوسناک سانحہ ہے اس وقت بعض لوگ قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ پاکستان ، اقبال اور قائداعظم کی مخالفت میں بیانات دے رہے ہیں ۔ ہمیں ان لوگوں کے عزائم کو بے نقاب کرنا ہو گا اور اپنی صفحوں میں اتحاد پیدا کر کے اسے اپنی طاقت بنانا ہو گا۔

جماعت اہلِ حرم کے صدر مفتی گلزار نے کہا کہ بد قسمتی تو یہ ہے کہ اب ہمارے معصوم بچے بھی محفوظ نہیں رہے۔ مقررین نے دعائیہ کہا کہ حکومت عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دلوائے۔معروف شاعر میاں تنویر قادری نے شہید بچوں کو منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ ڈاکٹر شعیب اے خان، زعمیم قادری اور دوسرے مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر شہدا کے ایصال ِ ثواب کیلئے دعا کی گئی اور ان کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :