ضیاء اللہ آفریدی کا پشاور پریس کلب کے سالانہ انتخابی عمل کی کامیابی پر مسرت کا اظہار ،نو منتخب کا بینہ کو کامیابی پر مبارکباد

جمعرات 1 جنوری 2015 17:53

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات اور پشاور میگا پراجیکٹس کے کوآرڈینیٹرو فوکل پرسن ضیاء اللہ آفریدی نے پشاور پریس کلب کے سالانہ انتخابی عمل کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نو منتخب کا بینہ کو اسکی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ پریس کلب کے نئے صدر سید بخار شاہ ،جنرل سیکرٹری فدا عدیل اور اُنکی کابینہ کے دیگر اراکین کے نام اپنے ایک تہنیتی پیغام میں صوبائی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئے منتخب ہونے والے عہدیداران اور ممبران صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اس کے جملہ مسائل کو حل کرنے اور مثبت صحافتی اقدار کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اُنہوں نے کہاکہ صحافی برادری نے صوبے کی ترقی اور خاص طور پر امن وامان کے قیام میں مثالی کردار ادا کیا ہے اور اُنکی خدمات قابل ستائش ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے لئے اُٹھائے جانے والے اقدامات کو بارآور بنانے میں اہل قلم بھرپور مدد کرتے رہیں گے اور عوامی مسائل کے حل کے سلسلے میں حکومت کی رہنمائی کرتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی اور اپنی پارٹی کی طرف سے نومنتخب کابینہ کو بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ صوبائی حکومت صحافی برادری کے مسائل حل کرنے اور اُنکی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات اُٹھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔ دریں اثنا ء ضیاء اللہ آفریدی نے ایکشن فورم کی ہڑتال کے دوران صحافیوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور اُنکی صحت یابی کے لئے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :