اوپن یونیورسٹی طلبہ کی خدمات اور سہولتوں میں نمایاں بہتری لانے کے لئے سال نو میں ہنگامی بنیادوں پر منفرد اقدامات کرے گی ، پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی

جمعہ 2 جنوری 2015 19:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 جنوری۔2015ء) "علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک بھر میں موجود اپنے لاکھوں طلبہ و طالبات کی خدمات اور سہولتوں میں تمایاں بہتری لانے کے لئے سال نو میں ہنگامی بنیادوں پر منفرد اقدامات کرے گی"یہ اعلان وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے منعقدہ انتظامی اور غیر تدریسی عملے کی تربیت کے لئے " کوالٹی ایشورنس (Quality Assurance)اور رائیٹنگ سکلز (Writing Skills) "کے زیر عنوان دو الگ الگ پانچ روزہ تربیتی ورکشاپس کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے یونیورسٹی سٹاف کی پروفیشنل ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ طلبہ کو بہتر خدمات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی باقاعدگی سے اسلام آباد میں واقع مین کیمپس اور ملک کے مختلف شہروں میں قائم اپنے علاقائی دفاتر میں موجود تمام کارکنوں کے لئے مختلف تربیتی کورسسز  ورکشاپس اورسیمینارز منعقد کرائے گی تاکہ ان کی صلاحیتوں میں دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق اضافہ ہو اور وہ ملک بھر میں موجود اوپن یونیورسٹی کے لاکھوں طلباء و طالبات کو تدریسی اور امتحانی دورانیہ میں پیش آنے والے مسائل اور مشکلات میں خاطر خواہ کمی لانے کا فریضہ بطریق احسن انجام دے سکیں۔

ڈاکٹر صدیقی نے کہا کہ یونیورسٹی کی مجموعی ترقی اور معیار تعلیم میں اضافے کے لئے مقررہ ہدف حاصل کرنے کے لئے یونیورسٹی کے نصابات  ریسرچ اور فیکلٹی ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ مرکوز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 3۔ماہ کے دوران اسی نوعیت کی آٹھ ورکشاپس منعقد کئے گئے اس طرح اوپن یونیورسٹی کو مختصر عرصے میں آٹھ تربیتی ورکشاپس منقعد کرانے پر جڑواں شہروں کی تمام پبلک اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں پر سبقط حاصل ہوگئی ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی سٹاف کے لئے تربیتی ورکشاپس کے انعقاد میں تعاون پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایچ ای سی پاکستان بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے سخت جدوجہد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر تدریسی عملے کے لئے ایچ ای سی کے زیر نگرانی اس طرح کے تربیتی ورکشاپس ایک منفرد موقع ہے جس سے وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بناسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی مجموعی بہتری کے لئے اس طرح کے تربیتی کورسسز صرف اساتذہ اور سرکاری اہلکاروں کے لئے نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کے لئے ضروری ہیں ۔اس سے ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں نمایاں مثبت تبدیلیاں رونماہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی طلبہ کی تعداد کے حوالے سے ملک کی سب سے بڑی جامعہ ہے اور ملک کے ہر کونے میں اس کے طلبہ موجود ہیں۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ ان تربیتی ورکشاپس کا بنیادی مقصد ملک بھر میں موجودعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے لاکھوں طلباء و طالبات کو موثراور مفید خدمات کی فراہمی کے لئے اپنے کارکنوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ ڈاکٹر صدیقی نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی کورسسز سے یقینی طور پر ا کوالٹی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ڈاکٹر سیدعامر شاہ اور ورکشاپ رابطہ کار محمد حماد طارق کو کامیاب تقریبات منعقد کرانے پر مبارکبادپیش کی۔ ڈاکٹر عامر شاہ کیمپس تقریبات کمیٹی کے انچارج بھی ہیں۔