بیرسٹر عبدالمجید ترمبو کی حریت رہنماؤں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت ،فوری رہائی کا مطالبہ

جمعہ 2 جنوری 2015 21:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 جنوری۔2015ء)جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ(آر) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے حریت رہنماؤں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کردیا ہے بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنماؤں کی غیر قانونی نظربندی اور ان کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر عائد قدغن کو انسانی حقوق کی سنگین پامالی قرردیا۔

اُنہوں نے کہا کہ حریت قائدین کی مسلسل غیر قانونی نظربندی سے بھارت کے جمہوری ملک ہونے کے دعوے کھوکھلے ثابت ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کے دعویدار بھارت کو جمہوری اقتدار کا لحاظ کرتے ہوئے حریت قیادت کو اپنی پر امن سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دینی چاہیے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ترمبو نے حریت رہنماء مشتاق لاسلام کی مسلسل نظربندی پر افسوس ظاہر کیا اور انکی رہائی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے سید علی گیلانی جنہیں حال ہی میں دوبارہ گھر میں نظربند کر دیا ہے کی بھی رہائی پر زوردیا۔انہوں نے واضح کیا کہ بھارت حریت رہنماؤں کی گھروں اور جیلوں میں نظربندی اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر کے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔