مقبوضہ کشمیر : سید علی گیلانی پھر سے گھر میں نظر بند،انکی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ،

نظر بندی ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثال ہے ، ایاز اکبر

جمعہ 2 جنوری 2015 22:25

مقبوضہ کشمیر : سید علی گیلانی پھر سے گھر میں نظر بند،انکی رہائش گاہ ..

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 جنوری۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی کو نئے سال کے آغاز پر دوبارہ گھر میں نظربند کردیا ہے ،تحریک حریت کے صدر دفتر کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اوربزرگ رہنماء کو گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ تحریک حریت کے ترجمان ایاز اکبر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سید علی گیلانی کی دوبارہ گھر میں نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حال ہی میں نو روز قبل بزرگ رہنماء کی گھر میں نظربندی ختم کی گئی تھی تاہم گزشتہ شام بھارتی پولیس نے دوبارہ سید علی گیلانی کے رہائش گاہ اور تحریک حریت کے صدر دفتر کا محاصرہ کرلیا اور انہیں گھر میں نظربند کر دیا ۔

انہوں نے بزرگ رہنماء کی نظربندی کو بلا جواز قراردیا کیونکہ پولیس نے اس سلسلے میں کوئی عدالتی یا انتظامیہ کے احکمات پیش نہیں کئے صرف زبانی طورپر ہدایات جاری کی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ سید علی گیلانی کی گھر میں نظربندی کا سلسلہ جولائی 2010 سے جاری ہے تاہم انہیں گزشتہ سال مقبوضہ علاقے میں تباہ کن سیلاب کے بعد کچھ عرصے کیلئے رہا کیا گیا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں انتخابی ڈھونگ کے دوران ایک بار پھر گیلانی صاحب کو نظربند کر دیا گیا تھا جس کے بعد صرف نو روز قبل ہی انہیں عارضی طورپر رہا کیا گیا ۔انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے سید علی گیلانی کی گھر میں نظربندی کا سخت نوٹس لیں اور انکی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں۔ادھر تحریک حریت کے صدر دفتر پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران سید علی گیلانی نے سرینگر، بارہمولہ، بانڈی پورہ اور پلوامہ کے 50خاندانوں میں 10,10ہزار روپے کے امدادی چیک اور غذائی اجناس تقسیم کیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب تک سیلاب زدگان میں مجموعی طورپر 95لاکھ روپے ، ایک کروڑ 32لاکھ روپے مالیت کی غذائی اجناس، 34لاکھ وپے کے بسترے اور گرم کپڑے اور 14لاکھ روپے مالیت کی ادویات تقسیم کی گئی ہیں۔ انہوں نے سیلاب زدگان کیلئے امدادی رقم دینے والوں صاحب ثروت اور مخیر شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ امدادی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی

متعلقہ عنوان :