سرتاج عزیز کا رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر بھارتی ہم منصب کو خط، تحقیقات کا مطالبہ،

واقعے سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باوٴنڈری پر امن متاثر ہوگا،ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے ،مشیر خارجہ ، ہماری فورسز دہشت گردی کیخلاف کارروائی میں مصروف،خطے میں امن، استحکام کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے،مراسلہ

جمعہ 2 جنوری 2015 22:42

سرتاج عزیز کا رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر بھارتی ہم منصب کو خط، تحقیقات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔2 جنوری۔2015ء) پاکستان کا ظفروال سیکٹر پر رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج، سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ کو خط، واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے مشیر خارجہ کا خط بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا، خط میں بھارتی سیکیورٹی فورس کے اقدام کی مذمت کی گئی اور واقعے کی فوری تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا گیا، مشیر خارجہ نے خط میں مزید کہا ہے کہ اس واقعے سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باوٴنڈری پر امن متاثر ہوگا۔

سیکریٹری خارجہ نے بھی بھارتی ہائی کمشنر سے واقعے پر احتجاج کیا اور کہا کہ رینجرز کے جوانوں پر بھارتی فائرنگ سے اعتماد کو ٹھیس پہنچی، ورکنگ باوٴنڈری اور ایل او سی پر کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، ہماری فورسز اندرون ملک دہشت گردی کیخلاف کارروائی میں مصروف ہیں، پاکستان پر سرحد پار دراندازی کا الزام بے بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم سمیت پوری قوم نے اس قابل مذمت واقعے کا سخت نوٹس لیا، سیکریٹری خارجہ نے پی 5 ممالک اور یورپی یونین کے سفارتکاروں کو بھی اس واقعے پر بریفنگ دی، اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باوٴنڈری پر جنگ بندی یقینی بنانے کیلئے ایسے واقعات رکوائے جائیں، خطے میں امن اور استحکام کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔