خلیجی ممالک نے غیر ملکی ورکرز پر نئی پابندی عائد کردی

ہفتہ 3 جنوری 2015 23:03

خلیجی ممالک نے غیر ملکی ورکرز پر نئی پابندی عائد کردی

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3جنوری۔2015ء) سعودی عرب سمیت خلیج تعاون کونسل کے تمام ممالک نے دیرینہ اور شدید بیماریوں میں مبتلا غیر ملکیوں کو اپنے ممالک میں ملازمت دینے پر پابندی لگا دی ہے۔ خلیج وزرائے صحت کونسل کے ڈائریکٹر جنرل توفیق کھوجہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خلیجی ممالک میں صحت کی سہولیات پر بے جا دباﺅ کو کم کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اخبار ”عرب نیوز“ کے مطابق سالانہ بھرتی کئے جانے والے 20 لاکھ ملازمین میں سے تقریباً 10 فیصد (20 ہزار) دیرینہ بیماریوں کا شکار نکلتے ہیں جنہیں ان ممالک میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا پڑتی ہیں۔ خلیجی ممالک نے سب سے زیادہ افرادی قوت بھیجنے والے ممالک میں خصوصی میڈیکل سینٹر بھی قائم کئے ہیں جن میں ملازمین کو بیرون ملک بھیجنے سے پہلے ان کا معائنہ کیا جاتا ہے جبکہ منزل پر پہنچنے کے بعد دوبارہ ان کا تفصیلی معائنہ کیا جاتا ہے۔ ان ممالک میں پاکستان، بھارت، مصر، بنگلہ دیش اور فلپائن جیسے ممالک شامل ہیں۔ دیرینہ اور شدید بیماریوں میں ذہنی امراض کے علاوہ کینسر، ذیابیطس اور انفیکشن کو نمایاں طور پر شامل کیا گیا ہے۔