فوجی عدالتوں کے قیام کی منظوری دہشت گردی کے خاتمہ اور جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کی کنجی ہے ،رانا تنویر حسین ،

پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، پاک افواج کسی بھی قسم کی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ، میڈیا سے گفتگو ، بھارت قیام امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، یہ دونوں ممالک کے عوام اور خطے کے مفاد میں ہے ،وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

پیر 5 جنوری 2015 20:21

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے قیام کی منظوری دہشت گردی کے خاتمہ اور جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کی کنجی ہے ، پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، پاک افواج کسی بھی قسم کی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے بھارت قیام امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، یہ دونوں ممالک کے عوام اور خطے کے مفاد میں ہے۔

وہ مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین ونگ فیروزوالہ کی صدر عطیہ افتخار کی طرف سے دیئے جانے والے ظہرانے کے موقع پر منعقدہ عوامی اجتماع اور کوٹ عبدامالک میں جشن میلاد مصطفی کی تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے ارکان صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول، چوہدری حسان ریاض، چوہدری محمود گورایہ، ایکسیئن پبلک ہیلتھ، ایوب نت، ایس ڈی او انوار احمد، صدر ڈسٹرکٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن الیاس گجر، ٹی ایم او فیروز والہ چوہدری احسن عنائت، ٹی او آئی اینڈ ایس وسیم الدین، مرزا افتخار بیگ، ندیم گورایہ، اسلام غازی اور شیخ ندیم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اینڈ سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہم سانحہ پشاور کے شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، اس سانحے نے پوری قوم کو متحد کرکے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا پیغام دیا ہے اس پر حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع کردیا ہے، پارلیمنٹ سے فوجی عدالتوں کے قیام کی منظوری دہشت گردی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے میں سودمند ثابت ہوگی۔

رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ عوام کی خوشحالی کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے، پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی حکومت کی عوام دوستی کا ثبوت ہے، پنجاب حکومت نے بھی فوری طور پر قومی ایکشن پلان کے تحت آپریشن شروع کردیا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، یہ صرف حکومت ہی کی نہیں بلکہ تمام محب وطن سیاسی و مذہبی جماعتوں اور عام شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس آپریشن کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :