اہل سنت نے کبھی انتہا پسندی، دہشت گردی کی حمایت نہیں کی‘ سربراہ جے یو پی،

بدامنی ، دہشت گردی پر اکسانے والے خیر خواہ نہیں، خریدے گئے ایجنٹ ہیں‘ پیر اعجاز ہاشمی

پیر 5 جنوری 2015 21:11

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمدہاشمی نے کہا ہے سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی ولادت باسعادت سے بڑی خوشی اور کوئی نہیں ہوسکتی کہ اللہ تعالٰی نے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کو دنیا بھر کے رحمت بناکر بھیجا ہے۔عید میلادالنبی کے اجتماع سے خطاب میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ اب دنیا کو امن کا گہوارہ عاشقان مصطفی بنائیں گے اورعملی طور پر ثابت بھی کیا ہے کہ اہل سنت نے کبھی کسی کے خلاف انتہا پسندی اور دہشت گردی کی حمایت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسالک اور مذاہب کا احترام کیا جانا چاہیے۔ یہی تعلیمات نبوی ہیں اور اہل سنت اکابرین نے ملی یکجہتی کونسل کی تشکیل کرکے ثابت کیا کہ وہ ملک میں امن چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ بدامنی اور دہشت گردی پر اکسانے والے عالم اسلام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ یہ خریدے گئے ایجنٹ ہیں۔ جو بیرونی ڈالروں پر قوم کو بیوقوف بنارہے ہیں۔ علما کو چاہیے کہ اختلافات کو اچھالنے کی بجائے ، رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی ذات اقدس اور ان کے اسوہ حسنہ کو اپنی تبلیغات کا موضوع بنائیں۔ تو فرقہ واریت نہیں ہوگی۔ زبردستی کسی پر اپنا عقیدہ اور مذہب نہیں تھونپا جاسکتا اور نہ ہی بندوق کے زور پر اسلام کو نافذ کرنا جائز ہے۔