آم کے باغات کو شدید سردی اور کورے سے نقصان کا احتمال ہے ،محکمہ زراعت پنجاب ،

باغبان آم کے پودوں کو شدید سردی اور کورے سے بچانے کیلئے موسمی پیش گوئی پر نظر رکھیں اور بروقت حفاظتی اقدامات کریں ، ترجمان

پیر 5 جنوری 2015 23:17

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) آم کے باغات کو شدید سردی اور کورے سے نقصان کا احتمال ہے ۔محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق باغبان آم کے پودوں کو شدید سردی اور کورے سے بچانے کے لیے موسمی پیش گوئی پر نظر رکھیں اور بروقت حفاظتی اقدامات کریں ۔جب رات کو کورا پڑنے لگے تو باغات میں دھواں کریں تاکہ کورے کا اثر کم سے کم ہو۔کورے والی راتوں میں آبپاشی کریں۔

آبپاشی کرنے سے زمین کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے جس سے پودے محفوظ رہتے ہیں۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق نرسری میں آم کے پودوں کو شیشم وغیرہ کی شاخوں کے ساتھ اس طرح ڈھانپ دیں کہ پودوں پر دن کے وقت سورج کی روشنی بھی پڑتی رہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ آم کی نرسری کو کورے سے بچانے کے لیے پلاسٹک سے بھی ڈھانپا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

باغ میں آم کے پودوں کا قد پانچ فٹ سے بڑا ہو نے کی صورت میں 5 فیصدچونے کا سپرے بھی کیا جا سکتا ہے ۔

اس طرح چونے کی ایک پتلی تہہ پتوں اور شاخوں پر کورے کے اثرات کو کم کرتی ہے۔ بڑے پودوں کے تنوں پر سفیدی کریں اور چھوٹے پودوں کے تنوں پر پرالی وغیرہ باندھ دیں ۔ترجمان کے مطابق پودوں کوپٹ سن کے ٹکڑوں سے لپیٹ کر بھی کورے وسردی سے محفوظ رکھیں۔ پودوں کی غذائی ضروریات کا خاص خیال رکھیں تاکہ پودے تندرست و توانا رہیں۔کمزور پودوں پر کورے کے اثرات بھی زیادہ پڑتے ہیں۔

محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے مزید بتایاکہ آم کے پودوں کی بڑھوتری کیلئے موزوں ترین درجہء حرارت 10ڈگری سینٹی گریڈ سے37ڈگری سینٹی گریڈ تک ہے ۔رات کو اگر درجہ حرارت 4ڈگری سینٹی گریڈسے کم ہو جائے تو کورا پڑنا شروع ہو جاتا ہے۔چھوٹے پودے 4ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بڑے پودے 1ڈگری سینٹی گریڈپر متاثر ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔چھوٹے پودوں کی ناپختہ شاخیں اور تنے کی چھال پھٹ جاتی ہے جبکہ بڑے پودوں کی وہ شاخیں جو زمین کے قریب ہوتی ہیں ان کو زیادہ نقصان پہنچتاہے۔

درجہ حرارت 4ڈگری سینٹی گریڈسے کم ہونے پر پودوں کے پتوں میں موجود پانی جمنا شروع ہوجاتاہے۔ نتیجتاً پتوں میں موجودخلیات کو نقصان پہنچتا ہے ۔ ترجمان کے مطابق کورا ان راتوں میں پڑسکتا ہے جب سردیوں میں دن کے وقت ٹھنڈی ہوا شمال کی سمت سے چلے یا تمام رات ساکت رہے۔اس کے علاوہ اس رات مطلع صاف ہو اور بادل نہ ہوں۔محکمے نے بتایا ہے کہ کورے و سردی سے با خبر رہنے کیلئے اخبار ،ریڈیو،ٹی وی،انٹرنیٹ اور محکمہ موسمیات کی اطلاعات سے با خبر رہیں تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :