وزیر اطلاعات ،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی کی مزار قائد پر حاضری

منگل 6 جنوری 2015 13:11

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء ) وزیر اطلاعات ،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے مزار قائد پر حاضری دی دعا کی اور برصغیر کے عظیم رہنماء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔مزار قائد پہنچے پر ڈائریکٹر عزیز میمن نے وزیرا طلاعات کا پرتپاک استقبال کیا۔سید بازل علی نقوی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوے لکھا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا کے عظیم رہنماء تھے جنہوں نے اپنی زندگی ایک بڑے کاز کے لیے صرف کی اور ان کی انتھک محنت اور کردار کی عظمت کی وجہ سے ہندوستان سے انگریزوں کے ڈیڑھ سوسالہ دور کا خاتمہ ہوا اور مملکت پاکستان وجود میں آئی جو اس وقت عالم اسلام کی واحد ایٹمی پاور کے طور پر دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلمانوں کو انگریزوں اور ہندوں کی غلامی سے نجات دلانے کے لیے جس جرات ،بلند ہمتی ،اولولعزمی اور کردار کی عظمت کی ضرورت تھی وہ صرف اور صرف محمد علی جناح ہی کا خاصا رہی یہی وجہ تھی کہ اس وقت کے بڑے بڑے لیڈر بھی ان کی عظمت کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکے ۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے بھانپ لیا تھا کہ مسلمانوں کے لیے علحدہ ملک نہایت ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر وہ اس خطے میں سیاسی ،معاشی اور مذہبی آزادی حاصل نہیں کر سکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے ان کا تقاضا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی ،عسکری اور مذہبی قیادت قائداعظم کے اصولوں اور فرمودات پر عمل کریں یہی وہ راستہ ہے جو ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاستدان اور رہنماء میں یہ فرق ہوتا ہے کہ سیاستدان فقط اگلے انتخابات کو دیکھتا ہے جبکہ رہنماء کی نظر اگلی جنریشن پر ہوتی ہے اور قائداعظم محمد علی جناح وہ عظیم رہنماء ہیں جن کی نظر اگلی نسل پر تھی اسی لیے انہوں نے تمام تر مشکلات کا دلیری اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوے تمام سازشوں کو ناکام بنا کر پاکستان قائم کر کے دکھایا ۔

انہوں نے کہا میں مسلمانوں کے عظیم رہنماء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوں جن کی دور بیں نظر نے اس وقت کشمیر کے حالات کو دیکھ لیا تھا اسی لیے انہوں نے اس وقت کشمیر کے دو دورے کئے اور کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام بانی پاکستان کے اس قول کو سچ کر کے دکھائیں گے اور کشمیر کو بھارت کے چنگل سے آزاد کر ا کر اسے پاکستان میں شامل کرنا ہمارا عزم ہے جس کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :