مودی سرکار کو جارحیت مہنگی پڑے گی‘محمد طاہر کھوکھر

منگل 6 جنوری 2015 14:53

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھر نے بھارتی فوج کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مودی سرکار کو جارحیت مہنگی پڑے گی۔ بھارتی فائرنگ سے معصوم شہریوں کی شہادت پر پوری قوم افسردہ ہے جبکہ پاک فوج کی جانب سے بھرپور اور دندان شکن جواب پر مسلح افواج کی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔

پاک فوج نے بتا دیا کہ وہ اپنی سرحدوں کی جانب دیکھنے والی ہر آنکھ نکال دیں گے اور کسی کو ملکی سرحدوں کی خلاف ورزیاں نہیں کرنے دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ شکر گڑھ میں بھارتی جارحیت، معصوم شہریوں کی ہلاکتیں بھارتی سرکار کی بوکھلاہٹ اور جنگی جنوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جو عالمی امن کے لیے خطرناک ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل بارڈر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس کے نتیجے میں معصوم بچوں، سکیورٹی فورسز کے جوانوں سمیت متعدد پاکستانی شہری شہید ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج جب پوری قوم اور تمام جماعتیں ملک سے دہشتگردوں سمیت دیگر انتہاء پسندوں کا خاتمہ چاہتی ہیں اور نتیجہ خیز کار روائی کیلئے ایک صفحہ پر متحد ہوگئی ہیں ایسے میں بارڈر پر بھارتی جارحیت قوم کی توجہ اندرونی دہشتگردی سے ہٹانے کی کوشش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ متحد ہے لہٰذا بھارتی حکومت و بارڈر فورسز ہماری خاموشی و امن پسندی کو ہماری کمزوری سمجھنے کی نادانی نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اگر کشمیری عوام کو جبر کے ذریعے غلام رکھنے کی بنیاد پرست اور ہٹ دھرم پالیسیاں ترک نہ کیں تو اس کا حشر بہت بھیانک اور خوفناک ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی عسکری صلاحیت کے حوالے سے کسی خام خیالی کا شکار نہ رہے۔

بھارت نے جب بھی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تب تب اس کو منہ کی کھانا پڑی۔ بھارت نے پاکستان پر ہر قسم کی جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ ایک جانب بھارت میڈیا وار کے ذریعے پاکستان کو بدنام کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کر کے پاکستانی فوجی اہلکاروں اور شہریوں کو شہید کر رہا ہے۔