قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی ،اداروں کو مستحکم بنانے کی ضرورت ہے ،چوہدری محمد یاسین

منگل 6 جنوری 2015 16:14

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء)آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی اور اداروں کو مستحکم بنانے کی ضرورت ہے غیر سرکاری ادارے حکومتی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے معاونت کریں مل کر کام کرنے سے آفات کے دوران ہونیوالے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے ایس ڈی ایم اے کی استعداد کار بڑھانے کیلئے حکومت بھرپور اقدامات اٹھائے گی آزادکشمیر میں قیامت خیز زلزلہ نے قیمتی انسانی جانوں کو نگل لیا قدرتی آفات سے مقابلہ کرنے کیلئے پیشگی تیار ی وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر سرکاری تنظیم اسلامک ریلیف کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے کیا تقریب میں اسلامک ریلیف اور سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مابین آفات سے نمٹنے کی استعداد کو بڑھانے کیلئے ایک معاہدہ پر دستخط کئے گئے تقریب سے معاون خصوصی وزیراعظم کرنل (ر) محمدضمیر ، سیکرٹری ایس ڈی ایم اے اکر م سہیل ، کنٹری ڈائریکٹر اسلامک ریلیف عتیق الرحمن ، شاہد کاظمی ، فلک نواز و دیگر نے بھی خطاب کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری حکومت اکرم سہیل نے کہا کہ کسی بھی سانحہ میں ریسپانس کرنے کیلئے ایک اچھا نظام موجود ہو گا تو انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکتا ہے زلزلے نے نہیں بلکہ غلط تعمیرات نے انسانی جانوں کا نقصان کیا ایس ڈی ایم اے کے وسائل محدود ہیں اسلامک ریلیف کے تعاون سے آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں ایمرجنسی کنٹرول روم اور اتھارٹیز کی استعداد کو بڑھایا جائے گا انفراسٹکچر اور عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے دونوں ادارے مل کر کام کرینگے آزادکشمیر کے اضلاع ایکٹو فالٹ لائن پر موجود ہیں جہاں ہر وقت زلزلے کا خطرہ موجود ہے ۔

(جاری ہے)

کنٹری ڈائریکٹر اسلامک ریلیف عتیق الرحمن نے کہا کہ اسلامک ریلیف دنیا کے 38ممالک میں کام کر رہی ہے آزادکشمیر میں زلزلہ کے دوران بے خبری میں سب سے زیادہ نقصان ہوا اسلامک ریلیف ڈیزاسٹر ریجیکشن پر زیادہ توجہ دے رہیں ہے آفات سے نمٹنا کسی ایک ادارے یا حکومت کے بس کی بات نہیں ہے آزادکشمیر کے اندر آئندہ پانچ سالوں میں آفات کے نقصانات سے بچنے کیلئے بنیادی انفراسٹکچر بنانے میں کامیاب ہو جائیں تو سانحہ کی صورت میں کم سے کم نقصان ہو گا ۔اسلامک ریلیف اور ایس ڈ ی ایم اے کے مابین ہونیوالے معاہدہ پر سیکرٹری حکومت اکرم سہیل اور کنٹری ڈائریکٹر آئی آر عتیق الرحمان نے دستخط کئے ۔