اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری کیلئے اساتذہ کو طلبہ کی تعلیمی مشکلات کم کرکے اُنکی علمی استعداد کار کو بڑھانا ہو گا،پروفیسرڈاکٹر محمد انیس

منگل 6 جنوری 2015 19:10

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء )علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر محمد انیس نے کہا ہے کہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری کیلئے اساتذہ کو طلبہ کی تعلیمی مشکلات کم کرکے اُنکی علمی استعداد کار کو بڑھانا ہو گا۔ ملک پاکستان کی ترقی کیلئے اساتذہ کا مشن معاشرے میں بسنے والے دیگر افراد سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول مدینہ کالونی حافظ آباد میں بی ایڈ اور میٹرک کی مشقیں اساتذہ میں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جس طرح ملک پاکستان میں شرح خواندگی کے اضافے کیلئے میدان عمل میں ہے ایسے ہی علامہ اقبال یونیورسٹی سے وابستہ ٹیوٹرز کا بھی فرض ہے کہ وہ طلبہ کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اپنا قیمتی وقت طلبہ کو دیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ یونیورسٹی اساتذہ کو ٹیوٹوریل میٹنگز کا معاوضہ دیتی ہے اس لیے ہراُستادٹیوٹوریل میٹنگ میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور طلبہ کو مشقیں جمع کروانے کیلئے بروقت اطلاع دیں تاکہ طالب علم اپنے امتحان میں کامیابی کو یقینی بنا سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی یونیورسٹی کی بہتری کیلئے جو اقدامات کررہے ہیں ،اُنکی اس جدوجہد میں سب اساتذہ کو اُنکا بھر پور ساتھ دینا ہو گا تاکہ ملک پاکستان دوسرے ترقی یافتہ ممالک کی طرح جدید تقاضوں کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

اُنہوں نے کہا کہ داخلوں سمیت امتحان اور دیگر معلومات ویب سائیٹ پر موجود ہوتی ہیں،اساتذہ یہ معلومات طلبہ تک پہنچا کر اُنہیں آنے والی مشکلات سے بچا سکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نہ صرف طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو جلا بخش رہی ہے بلکہ اساتذہ کی قابلیت اور مہارت میں بھی بہتری کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔