مولانا فضل الرحمن نے غیر فعال متحدہ مجلس عمل میں شامل مذہبی سیاسی جماعتوں کے قائدین کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا، موجودہ صورتحال زیر بحث آئیگی ،سربراہ جے یو آئی نے سراج الحق، علامہ ساجد نقوی، پروفیسر ساجد میر، ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر کو ٹیلیفون کرکے دعوت دی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امجد کی تصدیق

بدھ 7 جنوری 2015 22:13

مولانا فضل الرحمن نے غیر فعال متحدہ مجلس عمل میں شامل مذہبی سیاسی جماعتوں ..

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے غیر فعال متحدہ مجلس عمل میں شامل مذہبی سیاسی جماعتوں کے قائدین کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا، ملک کی موجودہ صورتحال زیر بحث آئیگی ، مولانافضل الرحمن نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سربراہ اسلامی تحریک علامہ ساجد نقوی، جمعیت ا ہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی)کے سربراہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر کو ٹیلیفون کرکے دعوت دی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امجد نے تصدیق کردی۔

باوثوق ذرائع نے آن لائن کو بتایاکہ غیر فعال متحدہ مجلس عمل کا اہم اجلاس آج (جمعرات) مولانافضل الرحمن کی رہائش گاہ اسلام آبا د میں طلب کرلیاگیاہے ۔ اجلاس میں 21 ترمیم کی منظوری کے بعدملکی صورتحال پر دینی قائدین سر جوڑ کر بیٹھیں گے اور متفقہ لائحہ عمل طے کرینگے اور آئندہ کی حکمت عملی وضع کی جائیگی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایاکہ ہنگامی طور پر بلائے جانیوالے اجلاس کی دعوت خود مولانافضل الرحمن نے ٹیلیفونک رابطوں کے ذریعے دی ۔

اس سلسلے میں انہوں نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق، اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی، جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر سینیٹر ساجد میر اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان (نورانی) کے سربراہ ڈاکٹر ابوالخیرمحمد زبیر کو ٹیلیفون کرکے مدعوکیا جس پر تمام رہنماؤں نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ یہ مشاورتی اجلاس مولانافضل الرحمن کی میزبانی میں ان کی رہائش گاہ پر دن گیارہ بجے شروع ہوگا اجلاس کے بعد میڈیاکو بریف کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں جب ”آن لائن“ نے جمعیت علمائے اسلام ف کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان سے استفسار کیا تو انہوں نے اجلاس اور ٹیلیفونک رابطوں کی تصدیق کردی۔