خصوصی بچے قوم کا ایسا سرمایہ ہیں جسے کسی صورت میں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ‘آصف سعید منہیس

جمعرات 8 جنوری 2015 17:33

لاہو ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) وزیر برائے خصوصی تعلیم پنجاب آصف سعید منہیس نے کہا ہے کہ حکومت خصوصی بچوں کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تا کہ وہ معاشرے پر بوجھ بننے کی بجائے اپنی ذمہ داریاں خود ادا کر سکیں ۔ یہ بات انہوں نے ہمدرد فاؤنڈیشن کے زیراہتمام نونہالان پاکستان کے قومی دن اور حکیم محمد سعید کے یوم ولادت کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں صدر ہمدرد فاؤنڈیشن سعدیہ راشد، ماہر قانون شہزادہ کبیر احمد، ایم پی اے ڈاکٹر عالیہ آفتاب، شالیمار سپیشل ایجوکیشن سینٹر کی پرنسپل زیب النساء نے شرکت وخطاب کیا۔آصف سعید منہیس نے کہا کہ خصوصی بچے قوم کا ایسا سرمایہ ہیں جسے کسی صورت میں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا-اگرچہ قدر ت نے خصوصی بچوں کو بعض صلاحیتوں سے محروم رکھا ہے لیکن انہیں ایسی اہلیت ، ہنر مندی اور صلاحیتوں سے نوازا ہے جو ایک نارمل انسان میں نہیں پائی جاتیں-انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے مشکلات کے باوجود زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں و افراد کو آسانیاں پیدا کرنے کے لئے حکومت پنجاب نے خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے جو ہر شعبہ زندگی میں بہتری لائے گی اور انہیں سہولتیں فراہم کرے گی-انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصی تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم و دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ تعلیمی وظائف بھی فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصی بچوں کو جدید تعلیم کے تقاضوں کے مطابق تربیت دے کر ان کے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی و این جی اوز خصوصی افراد کی تعلیم و بحالی میں حکومت کا ساتھ دیں اور ان بچوں کی تعلیم و تربیت میں ذاتی دلچسپی لیں تا کہ وہ دوسرے نارمل بچوں کی طرح اپنی زندگی گزار سکیں- انہوں نے کہا کہ 600سے زائد خصوصی بچے نارمل سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ خصوصی بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جس میں تقریری مقابلے، مزاحیہ خاکے اور ملی نغمے پیش کئے۔صوبائی وزیر نے بچوں کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور ان میں نقد و دیگر انعامات تقسیم کئے۔