” تہاوٴنوں بہتر پتہ ہوؤے گا میری گڈی کیویں نکل آئی“، ”میں تہاڈے صدقے تے واری جاواں“ ” میرے صدقے نہ جائیں بلکہ اپنے صدقے تے واری جائیں“،وزیراعلیٰ شہبازشریف اورخوش نصیب شہری میں دلچسپ مکالمہ،حاضرین مسکراتے رہے

جمعرات 8 جنوری 2015 18:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ”اپنا روزگار سکیم “کی قرعہ اندازی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اورکمپیوٹر کا بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ قرعہ اندازی کے عمل کو شفاف بنانے کے حوالے سے ہال میں موجودشخصیات سے مختلف کیز حاصل کر کے کمپیوٹر میں اینٹرکی گئیں اورپھر بٹن دبایا گیا۔

وزیراعلیٰ نے قرعہ اندازی کے ذریعے بولان گاڑی حاصل کرنے والی امیدوار طاہرہ انوار کو فون کیا اور انہیں قرعہ اندازی کے ذریعے نہایت شفاف طریقے سے گاڑی ملنے پر مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نے خاتون سے سکیم کے بارے میں پوچھا تو اس نے بتایا کہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے ”اپنا روزگار سکیم“حکومت پنجاب کی ایک بہترین سکیم ہے جس سے یقینا پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے قرعہ اندازی کے ذریعے راوی گاڑی حاصل کرنیوالے خوش نصیب محمد عاکف چوہان سے بھی ٹیلی فون پر بات کی اورانہیں مبارکباد دی۔گاڑی کے حصول اور وزیراعلیٰ شہبازشریف سے بات کرتے ہوئے اس کی خوشی کی کوئی انتہاء نہ تھی اوروہ بے ساختہ پکار اٹھاکہ ”میں تہاڈے صدقے تے واری جاواں“ جس سے پر وزیراعلیٰ نے بھی مسکراتے ہوئے پنجابی زبان میں جواب دیاکہ” میرے صدقے نہ جائیں بلکہ اپنے صدقے تے واری جائیں“وزیراعلیٰ نے گاڑی حاصل کرنے والے خوش نصیب سے سکیم کی شفافیت اور میرٹ کے بارے میں پوچھاتو اس نے کہا کہ میں نے کسی سے سفارش نہیں کرائی اورنہ ہی کسی کو کوئی پیسہ دیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے محمد عاکف چوہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تو سفارش اورپیسے کے بغیر کسی کا کام نہیں ہوتاتوآپ کی گاڑی کیسے نکل آئی؟جس پر اس نے جواب دیاکہ” تہاوٴنوں بہتر پتہ ہووے گا کہ میری گڈی کیویں نکل آئی“اس کے اس جواب پر وزیراعلیٰ شہبازشریف سمیت تقریب کے تمام شرکاء مسکرادےئے۔وزیراعلیٰ نے کامیاب افراد کی فہرست میڈیا کے نمائندوں کو بھی دی۔