پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین ،

پاکستان نینو ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ایرانی سائنسدانوں کے تجربات سے استفادہ کریگا ، ایرانی سفیر سے گفتگو

جمعرات 8 جنوری 2015 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 جنوری۔2015ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں  پاکستان نینو ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ایرانی سائنسدانوں کے تجربات سے استفادہ کریگا۔ جمعرات کو وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے پاکستان میں ایران کے سفیر علی رضا حاجی غیان نے ملاقات کی اور انہیں غیر وابستہ تحریک کے رکن ممالک کی وزارتی کانفرنس برائے سائنس و ٹیکنالوجی میں شرکت کی دعوت دی۔

یہ کانفرنس 23 تا 24 فروری 2015ء کو تہران میں ہو گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے ایرانی سفیر کا دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو 2007ء تا 2009ء کے عرصہ میں دستخط کئے گئے، تعاون کے پروگرام کی فوری تجدید اور بحالی کرنی چاہیے تاکہ پروگرام میں شامل شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دی جا سکے۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی کامران علی قریشی نے تجویز پیش کی کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کے لئے ایرانی ماہرین کا ایک وفد پاکستان آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نینو ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ایرانی سائنسدانوں کے تجربات سے استفادہ کرے گا۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے کہا کہ باہمی اشتراک کو بڑھانے کے لئے پروگرام آف کو آپریشن پر آگے بڑھیں گے۔

متعلقہ عنوان :