قومی و سیاسی قیادت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوچکی ہے، سید بازل علی نقوی

جمعہ 9 جنوری 2015 16:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) وزیر اطلاعات ،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ قومی و سیاسی قیادت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوچکی اب ملک کو امن اور خوشحالی کی منزل حاصل کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے صحافی خود کو اس اہم ذمہ داری کے لیے وقف کر دیں ۔

الیکٹرانک میڈیا ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔آپریشن ضرب عضب ملک دشمنوں کا قلع قمع کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے جس پر پوری قوم اپنے مسلح افواج کی پشت پر ہے ،جنرل راحیل شریف کے جذبے کو خراج تحسین ییش کرتے ہیں ۔وزیرا طلاعات نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوے کیا ۔

(جاری ہے)

سید بازل علی نقوی نے کہاکہ قلم اور کیمرے کی طاقت اس وقت تمام دیگر ذرائع پر سبقت لے گئی ہے اس لئے ہمیں اس کو اپنی طاقت بناتے ہوے اس سے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لئے استعمال کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا قوم کی صحیح سمت میں رہنمائی کرنے کیلئے مثبت کردار ادا کرے اور سبقت لے جانے کی دوڑ میں حقائق سے چشم پوشی نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ پشاور واقعہ نے قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا اور پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہوگئی ۔انہو ں نے کہا کہ ملک کی سیاسی ،مذہبی اور عسکری قیادت نے مشکل کی اس گھڑی کو چیلنج کے طور پر لیا اور ہم نے اس کو موقع بنا دیا ۔

انہوں نے کہا قوموں کی زندگیوں میں ایسے مشکل لمحات آتے رہتے ہیں مگر ایسے میں جرات اور پامردی سے ہی حالات کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف خطرے سے قوم کو آگاہ کیا تھا اور کھل کر دہشت گردوں کی مذمت کی اور خم ٹھونک کر دہشت گردوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوے ۔انہوں نے کہا ہماری قائد محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور پاکستان کو جمہوریت کی راہ پر ڈال دیا ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ اور ملک میں آئین کی حکمرانی کے لیے اگر کسی نے قربانیاں دی ہیں تو و ہ صرف اورصرف پی پی پی ہے اور اس کی قیادت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ دیا ہے اس وقت آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ فقط 11 ارب 50 کروڑ جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ 56 ارب ہے مگر ہم نے اس میں بھی وہ کام کر دکھائے ہیں جو غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں ۔

انہوں نے کہا یہاں تو ایک میڈیکل کالج کے لئے اضلاع کو اضلاع سے لڑایا جاتا رہا اور اس پر ہی سیاست کی جاتی رہی مگر اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے نہ صرف 3 میڈیکل کالج بنا کر دئیے بلکہ یونیورسٹیاں بھی قائم کیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کیلیے بھی پی پی پی کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا رکھا ہے ،ہم نے مشکل اقتصادی صورتحال کے باوجود ریاست اور اس کے عوام کو بہترین سہولتین فراہم کی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا اور اسے مزید بہتر سے بہتر بنایا جائیگا ۔