”وزیراعلیٰ شہباز شریف کے نوجوانوں کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیں“

مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد کا میٹرو بس سروس سے دس کروڑ افرادکے مستفید ہو نے پر اظہار مسرت

جمعہ 9 جنوری 2015 17:40

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اسماعیل راہو اور ان کے وفد کے اراکین نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کے ترقیاتی ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور میں میٹرو بس پراجیکٹ بلاشبہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد اور شاہکار منصوبہ ہے جس نے ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا رخ موڑ دیا ہے۔

وفد کے اراکین نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ میٹرو بس سروس سے اب تک دس کروڑ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے پنجاب میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کئے جانے والے پروگرامز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ یہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی جانب اہم اقدامات ہیں، خاص طور پر بیروزگار نوجوانوں کیلئے 31 ارب روپے کی لاگت سے ”اپنا روزگار سکیم“ کے تحت 50 ہزار گاڑیاں دینے کے جس انقلابی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے اس پر وزیراعلیٰ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ انہیں پنجاب کی تیزرفتار ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے دیکھ کر صوبے کے عوام پر رشک آتا ہے کہ انہیں شہبازشریف جیسا ترقیاتی ویژن رکھنے والا وزیراعلیٰ ملا ہے۔

متعلقہ عنوان :