راولپنڈی ،امام بارگاہ عون محمد میں محفل میلاد پر خود کش حملہ 8 افراد جاں بحق، خواتین و بچوں اور پولیس اہلکاروں سمیت متعدد زخمی،

شیعہ علماء کونسل کا سانحہ کے غم میں 3روزہ سوگ کا اعلان، دہشتگردوں ،انکے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ساجد نقوی

جمعہ 9 جنوری 2015 23:16

راولپنڈی ،امام بارگاہ عون محمد میں محفل میلاد پر خود کش حملہ 8 افراد ..

راولپنڈی /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) راولپنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں میں امام بارگاہ عون و محمد میں محفل میلاد پر خود کش حملہ 8 افراد جاں بحق، خواتین و بچوں سمیت درجنوں سے زائد زخمی ہوگئے، تنگ گلیوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا، راولپنڈی اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت مسلمین، تحفظ عزاداری کونسل، صدر مملکت، وزیراعظم ، علامہ ساجد نقوی سمیت دیگرسیاسی و مذہبی جماعتوں کی دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت ، سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل علامہ عارف حسین واحدی نے سانحہ کے غم میں 3روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب راولپنڈی میں راجا بازار لال حویلی کے قریب چٹیاں ہٹیاں امام بارگاہ عون محمد رضوی میں اس وقت ایک خود کش حملہ آور نے خود کو بم دھماکے سے اڑادیا جب 17ربیع الاول کی مناسبت سے محفل میلاد النبی جاری تھی اور جشن عیدمیلاد النبی کے حوالے سے ذاکرین ذکر محمد و آل محمد کررہے تھے۔ لال حویلی کے کے قریب چٹیاں ہٹیاں میں امام بارگاہ عون محمد رضوی میں محفل میلاد کا سلسلہ 17ربیع الاول کی مناسبت سے جاری تھا اس دوران ایک حملہ آور نے امام بارگاہ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکورٹی پر مامور افراد نے روکنے کی کوشش کی تو اس نے گیٹ پر ہی اپنے آپ کو دھماکے سے اڑادیا جس کے باعث گیٹ اور اس کے قریب موجود 8افراد جاں بحق ہوگئے ۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور امام بارگاہ کے اندر داخل نہیں ہوسکا اور اس نے باہر ہی دھماکہ کردیا حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی جب کہ ریسکیو ٹیموں نے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا۔