Live Updates

پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات میں سنجیدہ نہیں،پی ٹی آئی آواز بلند کرے گی‘ عبدالعلیم خان،

گڈ گورننس کا دعویٰ کرنے والوں نے مقامی ترقی کے اداروں کو مفلوج کر رکھا ہے ‘ صدر پی ٹی آئی لاہور

جمعہ 9 جنوری 2015 23:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) تحریک انصاف ضلع لاہورکے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں ہر گز سنجیدہ نہیں ،ریکارڈ گواہ ہے کہ نواز لیگ نے کبھی بھی بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا اور تمام اختیارات پر خود قبضہ کیئے رکھا اور مختلف حیلوں بہانوں سے شہری ترقیاتی اداروں کے منصوبوں کو بھی سیاسی مفادات کیلئے استعمال کیا ۔

انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کا دعویٰ کرنے والوں نے مقامی ترقی کے اداروں کو مفلوج کر رکھا ہے اور عام آدمی کے مسائل کو بیوروکریسی کے حوالے کر دیا گیا ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں سے اعلیٰ عدالتیں بھی بلدیاتی انتخابات کیلئے احکامات دے چکی ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کے فی الفور انعقادکی خواہاں ہے اور ہم اس سلسلے میں آواز بلند کرتے رہیں گے ۔

عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی لاہور کی تنظیم میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے "کور گروپ"قائم کرنے کا اعلان کیا جو صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے ورکنگ کرے اور سفارشات پیش کرے گا جس کی روشنی میں پارٹی اپنا آئندہ لائحہ عمل مرتب کرے گی۔دریں اثناء پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان کو شعیب صدیقی نے ایک اجلاس میں این اے 122اور پی پی 147کے حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے اب تک کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اورالیکشن ٹربیونل کے سامنے پیش ہونے والے حقائق اور تحریک انصاف کے دائر کردہ اعتراضات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات