کسانوں کو ریلیف دینے کے لئے وزیراعلی پنجاب نے آبیانہ کے ریٹ میں اضافہ سے انکار کر دیاہے‘ میاں یاور زمان،

حکومت پنجاب نے نہرو ں اور بیراجوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے لئے اس سال 35 ارب روپے مختص کئے ہیں ‘ صوبائی وزیر آبپاشی

جمعہ 9 جنوری 2015 23:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2015ء) صوبائی وزیر برائے آبپاشی میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر حکومت پنجاب کسانوں کی فلاح و بہبود کو اولیت دے رہی ہے اور اس سال وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بیراجوں کی اپ گریڈیشن ،نہروں کی بحالی اور انہیں پختہ کرنے کیلئے 35ارب روپے کی ریکارڈ رقم مختص کی ہے،وزیراعلی پنجاب نے آبیانہ ریٹ بڑھانے کے حوالے سے محکمہ کی تجویز سے اتفاق نہیں کیااور کسانوں کو ریلیف دینے کے لئے آبیانہ کی رقم میں اضافہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کسانوں پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے ہیں۔یہ بات صوبائی وزیر برائے آبپاشی میاں یاور زمان نے یہاں کرلکے مائینز پر بھل صفائی مہم کے آغاز کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے کہی۔

(جاری ہے)

چیف انجینئر ایریگیشن خالد قریشی ،ایس ای ایریگیشن ریاض رشید،ایکسئین راشد منہاس،سید قمر الحسن نقوی ایڈووکیٹ اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجودتھی ۔

صوبائی وزیر برائے آبپاشی میاں یاور زمان نے بتایا کہ اس سال بھل صفائی پر42 کروڑ70 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے جس سے 4937کنال میل نہروں سے ایک کروڑ پچاس لاکھ 44ہزار مکعب فٹ بھل نکالی جائے گی۔بیراجوں کو اپ گریڈ اور نہروں کی خستہ حالی کو درست کیا جائے گا تا کہ کاشتکاروں کو ٹیلوں پر پانی وافر مقدار میں دستیاب ہو۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے حکم پر کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے آبیانہ کی رقم میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ بذات خود صوبہ بھر کے مختلف زونز میں جا کر بھل صفائی کی مہم کی نگرانی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کوئی غفلت یا کوتاہی بر داشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ بھل صفائی مہم کے کام کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کروایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ نہروں کی صفائی سے پانی کی منصفانہ اور یکساں تقسیم ممکن ہو گی اور پنجاب کے تمام کسانوں کو ان کے حصے کا نہری پانی میسرآئے گا۔

متعلقہ عنوان :