پولیس مقابلے کے دوران شہید اہلکاروں کے بچوں کو پولیس میں اعلیٰ عہدوں پر بھرتی کیا جائے گا ،آئی جی سندھ،ان کیلئے قائد اعظم میڈل ایوارڈ سمیت دیگر اعلیٰ اعزاز دینے کی سفارش کی جائے گی،غلام حیدر جمالی کا اعلان

ہفتہ 10 جنوری 2015 22:53

پولیس مقابلے کے دوران شہید اہلکاروں کے بچوں کو پولیس میں اعلیٰ عہدوں ..

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جنوری2015ء) انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس غلام حیدر جمالی نے اعلان کیا ہے کہ میر پور خاص میں پولیس مقابلے کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کے بچوں کو پولیس میں اعلیٰ عہدوں پر بھرتی کیا جائے گا اور انہیں حکومت سے قائد اعظم میڈل ایوارڈ سمیت دیگر اعلیٰ اعزاز دینے کی سفارش کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

وہ حیدرآباد پولیس ہیڈ کوارٹر میں پولیس مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے اس موقع پر پولیس کے دستے نے شہداء کی میتوں کو سلامی بھی دی جبکہ نماز جنازہ میں ڈی آئی جی حیدرآباد ، ایس ایس پی حیدرآباد ، سمیت ڈی ایس پیز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز او ر پولیس اہلکار بڑی تعداد میں موجود تھے ،آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کا کہنا تھا کہ میر پور خاص کے علاقے محمود آباد میں ہلاک کئے جانے والے چاروں ڈاکو قربان ناریجو ، وہاب ناریجو ، جان محمد ناریجو اور شفیق عرف چھوٹو ناریجو کا تعلق خیر پور سے تھا لیکن یہ پورے سندھ میں اغواء برائے تاوان ، پولیس پر حملے لوٹ مار ، ڈکیتیوں سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ یہ ڈاکو میر پور خاص میں رہائش پذیر ہیں جس پر حیدرآباد اور میر پور خاص پولیس نے مشترکہ کاروائی کی جہاں مقابلے کے دوران یہ چاروں ڈاکو ہلاک ہوئے اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران واحد بخش لغاری ، حسن عابدی سمیت 5 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ چار پولیس اہلکار اس مقابلے میں زخمی بھی ہوئے ، آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس نے مقابلے میں انتہائی بہادری کا مظاہر ہ کیا لیکن ڈاکوؤں نے اپنے ہی بچوں اور خواتین کو ڈھال بنا لیا تھا اس لئے پولیس افسران نے بچوں اور خواتین کو نقصان پہنچنے کے اندیشے کے پیش نظر براہ راست فائرنگ نہیں کی جس کا نقصان پولیس افسران کو اٹھانا پڑا انہوں نے کہا کہ حکومت نے پولیس کو جدید اسلحہ اور پولیس کی مراعات میں اضافہ کیا ہے ہم پورے سندھ میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کررہے ہیں اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کو جدید کمانڈو ٹریننگ بھی دی جارہی ہے اس حوالے سے حیدرآباد میں گنجو ٹکر پولیس ٹریننگ سینٹر کو فعال بنا یا جارہا ہے قبل ازیں آئی جی سندھ نے سول اسپتال حیدرآباد میں زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی ۔

متعلقہ عنوان :