Live Updates

محض گنتی یا جعلی ووٹوں کا کسی امیدوار کیلئے مارجن بڑھانا یا گھٹانا مسئلہ نہیں ، اصل معاملہ دھاندلی کا ہے جو ثابت ہو چکی ہے ، راجہ راشد حفیظ ،

حکومت کو اگر کوئی ڈر یا خوف نہیں تو اسے فورا جوڈیشل کمیشن بنا دینا چاہیے،رہنما پی ٹی آئی

اتوار 11 جنوری 2015 16:59

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 11جنوری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 122 میں محض گنتی یا جعلی ووٹوں کا کسی امیدوار کیلئے مارجن بڑھانا یا گھٹانا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اصل معاملہ اس دھاندلی کا ہے جو ثابت ہو چکی ہے مگر حکومتی ترجمان ثابت شدہ دھاندلی پر بات کرنے کی بجائے ووٹوں کی گنتی کو اچھال کر عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں ․ انہوں نے یہ بات پی ٹی آئی کے رابطہ دفتر سید پور روڈ میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ پرویز رشید شریف برادران کے پیچھے اپنا ایمان خراب نہ کریں اور سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ ہی رہنے دیں ․ عوام اب میڈیا پر ان کی شکل دیکھتے ہی چینل تبدیل کر دیتے ہیں جو جھوٹ کے خلاف ان کی نفرت کا ثبوت ہے ․ انہوں نے کہا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ پرویز رشید عوام کا سامنا کرنے کے بالکل قابل ہی نہ رہیں ․ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف این اے 122 کے سارے جعلی ووٹ ن لیگ کو دیتی ہے تاکہ ان کا مارجن مزید بڑھ جائے مگر ہمارا مطالبہ ہے کہ قوم کو بتایا جائے یہ ووٹ کس نے پول کرائے اور کس نے پول کئے ․ اصل مسئلہ ووٹوں کی گنتی کا ہے ہی نہیں بلکہ اصل مسئلہ تو جعل سازی ہے جو ثابت ہو رہی ہے مگر وزیر اطلاعات جعلی ووٹوں کی گنتی بڑھنے کی خوشیاں منا رہے ہیں ․ وہ جب ٹی وی سکرین پر بولتے ہیں تو ان کی باڈی لینگویج ان کی زبان کا ساتھ نہیں دے رہی ہوتی ․ لوگ حیران ہوتے ہیں کہ کوئی اتنی جرات کے ساتھ بھی جھوٹ بول سکتا ہے ․ راجہ راشد حفیظ نے مزید کہا کہ حکومت کو اگر کوئی ڈر یا خوف نہیں تو اسے فورا جوڈیشل کمیشن بنا دینا چائییے جو دھاندلی کے بارے میں پوری تحقیق کرکے حقائق قوم کے سامنے لائے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :