مظفر آباد،مسلمان خود پر حضورﷺ کی بات، سنت کو لازم کرلیں، علامہ قاضی محمود الرحمن

منگل 13 جنوری 2015 16:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری 2015ء)مولانامفتی علامہ قاضی محمودالرحمان نے کہا ہے کہ مسلمان خود پرحضورﷺکی بات ،سنت کو لازم کرلیں، حضورﷺکی ذات اوربات دونوں ہی مسلمانوں کے لیے قابل تقلید ہیں ،مشرکین اور کفار نے حضورﷺکی ذات مان لی ،بات نہیں مانی توان کا ٹھکانہ ہمیشہ کے لیے جہنم ہوگیا ۔مسلمان جہنم سے بچنے کے لیے حضورﷺکی بات کو لازم پکڑیں ،جہنم سے چھٹکارہ حضورﷺکی بات ماننے سے ہی ممکن ہے۔

وہ زلزلہ متاثرہ پرائمری اسکول ٹالیاں کیل گراں کے احاطے میں نوجوان بچوں کی جانب سے بلائی گئی سیرةالنبی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے،اس موقع پرقاری یاسین چہلہ کیل گراں قاری ظہیرالاسلام ،سمیت دیگر معزین علاقہ موجود تھے ،جبکہ قاری ادریس عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے، مولاناقاضی محمودالرحمان نے کہاہے کہ ذات نبی سے کفار کو بھی کوئی اعتراض نہ تھا کفار نے حضور ﷺکی بات نہیں مانی تو گمراہ ہوگئے،مسلمان سنت رسول کو عام کریں ،علماء کرام عوام کو سنت بتائیں ،موجودہ زمانے میں مسلمانوں میں دینی معلومات زیادہ ہوگئی ہیں مگر عمل نہیں رہا ،اس زمانے میں سنت پر عمل کرنا مشکل نظرآتا ہے ۔

(جاری ہے)

حضورﷺکا ارشاد گرامی ہے ہے آخر زمانے میں سنت پر عمل کرنا ایسا ہوگا جیسے کہ جلتے انگارے کو ہاتھ میں پکڑا جائے ۔مولانا قاضی محمودالرحمان نے کہا ہے حضورﷺکا فرمان ہے کہ اس زمانے میں جو میری سنت پر عمل کریگا اسے شہداء جیسا اجر وثواب ملے گا ۔