سندھ پاکستان کا کوہ نور ہے ،حیثیت کو کم سمجھنے والے ماضی بن جاتے ہیں،شاہ محمد شاہ

منگل 13 جنوری 2015 17:26

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری 2015ء) سابق ڈکٹیٹر کا یہ کہنا کہ" سندھ میں کچھ نہیں رہا اس صوبے کی حکومت گرا کر کیا کروں گا"صوبے کے عوام اور مینڈیٹ کی توہین ہے․ حکمران پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر صوبائی نائب صدر سید شاہ محمدشاہ نے کہا ہے کہ سندھ پاکستان کا کوہ نور ہے جس کی حیثیت کو کم سمجھنے والے ماضی بن جاتے ہیں․ غیر آئینی اور شبخون کے نتیجے میں بننے والی حکومتوں کا کنٹرول عوام کی بجائے روبوٹس کے ہاتھ میں ہوتا ہے پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کی حکمرانی کے سفر کو کسی روبوٹ کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دے گی․ اٹھارہ کروڑ پاکستانی ریاست کی بقا ، سلامتی اور تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی کے لئے تیار ہیں․ ملک کو تباہی کی طرف دھکیلنے کے ذمہ دار عوام میں خوف پیدا کر کے سیاسی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں․پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے سابق ڈکٹیٹر مشرف کے بے بنیاد خدشات پر مبنی بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملک کے ایک ایک انچ اور ہر پاکستانی کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے․ قوم نے ماضی میں روبوٹس کی حکومت دیکھ لی ہے جس کا خمیازہ دہشت گردی کی اندگی جنگ کی صورت میں آج تک بھگت رہے ہیں․ پاکستان میں خدانخواستہ کوئی تباہی نہیں آئے گی بلکہ اللہ کی مدد اور عوام کے اعتماد اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی دلیرانہ قیادت میں پاکستان تباہیوں کا رخ موڑنے کے قابل ہو رہا ہے․ سندھ کے بارے میں ․ سندھ قیام پاکستان کے وقت سے آج تک پاکستان کے معاشی انجن کا کردار ادا کر رہا ہے جس کی وجہ سے ملکی نظام چلایا جا رہا ہے․ ایک آمر کا یہ اختیار کس نے دیا کہ وہ سندھ کے عوام کے مینڈیت کی توہین کرے اور ایک منتخب حکومت کو گرانے کا تصور بھی کرے ․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی اقتدار میں واپسی کی خواہش کو دیوانے کا خواب قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی سے خیبر تک عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی حکومت کو اندھی ، لنگڑی اور گونگی کہنے والے اپنے دور حکمرانی کو یاد کریں جب جب عوام سے جینے کا حق چھین لیا گیا تھا․ پاکستان کے موجودہ مسائل کے اصل ذمہ دار آمرانہ حکومت کے کرتا دھرتا ہیں جن کی تباہ کن پالیسیوں نے پاکستان کے امن، معیشت اور معاشرتی ڈھانچے کو تباہ کیا․ روبوٹس کی حکمرانی ہمیشہ آمروں کی خواہش ہوتی ہے جو عوام سے بولنے کا حق چھین کر عوام کو گونگا اور بہرہ بنا دیتے ہیں․ سندھ کو خالی خزانہ سمجھنے والے سابق ڈکٹیٹر یہ بات کیوں بھول جاتے ہیں کہ سندھ کو اس حال تک پہنچانے میں سب سے بڑا کردار ان کی آمریت کا تھا جس کی وجہ سے سندھ کے عوام کے حقو ق سلب کئے گئے آبپاشی کے نظام کو چند حواریون کے ہاتھوں میں دے کر سندھ کی زراعت کو تباہ کیا گیا اور آمر کی حکومت کی طرف سے امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے میں ناکامی کی وجہ سے سندھ میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا تھا․ مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدرنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنے شاندار ترقیاتی ایجنڈے کے ساتھ کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے․ عوام کی خدمت کی نئی روایات کا آغاز ہو رہا ہے ملکی معیشت ، صنعت اور زراعت میں بہتری سے عوام کے طرز زندگی میں بھی نمایاں بہتری آ رہی ہے لیکن روبوٹس کی حکومت کے خواب دیکھنے والوں کو اقتدار کے سوا کچھ دکھائی نہیں دے رہا ․ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ریاست اور رعایا ایک عظیم قوت کی صورت اختیار کر رہے ہیں ․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے جرات مندانہ فیصلوں سے پاکستان دنیا کا سب سے محفوظ اور مستحکم ملک بنے گا․

متعلقہ عنوان :