دنیاپرست حکمران اقتدار کی خاطر اپنے اصولوں اورنظریات کو بیچ رہے ہیں‘ میاں مقصوداحمد

منگل 13 جنوری 2015 17:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری 2015ء) امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ آج دنیائے اسلام میں فساد اورانتشار کا دور دورہ ہے، اس کی بے شمار وجوہات ہوسکتی ہیں لیکن اہم ترین وجہ وہ اخلاقی بحران ہے جو استعمار کی غلامی کی وجہ سے حکمران،مقتدر اورباثر طبقات میں پیدا ہوا،اس لیے کہ عزت نفس اور خود ی انسانی کردار کی تعمیر کی بنیاد ہے جبکہ غلامی کی بنیادضمیرفروشی ہے،دنیاپرست حکمران اقتدار کی خاطر اپنے اصولوں اورنظریات کو بیچ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یورپی اور امریکی سامراج اپنے تمام غلبے کے باوجود مسلمان عوام کو اسلام سے دور نہیں کرسکا۔دوسری حقیقت یہ ہے کہ علماء کرام عوام سے براہ راست رابطہ رکھتے ہیں۔ عام مسلمانوں کے اخلاقی بحران اور علماء کرام کے غیر موثر ہونے کے باوجود مسلمان عوام نے مغربی کفر کو قبول نہیں کیا ہے۔ وہ یہ جانتے ہیں کہ مغرب کے غلام حکمران طبقات ان کے تمام مصائب کا اصل سبب ہیں۔ ان کے اندر تبدیلی اور اصلاح کی پیاس ہے۔ ان اہداف سے بچنے کیلئے اس طبقے نے ہر مسلمان ملک میں بدامنی ،قتل وغارت گری اور دہشت گردی کی آگ بھڑکا دی ہے۔