وزیر زراعت پنجاب کا تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گوجرہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ ،

متعددسکولوں کا دورہ ،حالات کے پیش نظرسکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا

منگل 13 جنوری 2015 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) وز یراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پروزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاوید نے تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گوجرہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول گوجرہ ،ڈویژ نل ماڈل سکول اور مشنری سکول کانونینٹ آف جیسزاینڈ میری سمیت متعددسکولوں کا دورہ کیااور حالات کے پیش نظرسکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاانھوں نے سکولوں میں مختلف کلاس رومز میں جاکر طلبہ و طالبات سے گفتگوکی ۔

انھوں نے طلبہ کے بلند حوصلے اور تعلیم حاصل کرنے کی لگن کی تعریف کی۔انھوں نے طلبہ کو بتایا کہ یہ تمام سیکورٹی انتظامات ان کی حفاظت کے لیے کئے جارہے ہے انھوں نے سکولوں کی انتظامیہ اور اساتذہ کو ہدایت کی کہ طلبہ کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلے تربیت دی جائے سکولوں کی بیرونی دیواروں ،داخلی راستوں کا جائزہ لیااور ہدایت کی کہ گیٹ کے ساتھ ساتھ چھتوں پر بھی حفاظتی چوکیاں قائم کی جائیں تاکہ خوف کی فزا کو کم کیاجائے اور سیکیورٹی اہلکاروں اور طلباء کے مابین دوستی کا رشتہ قائم کیا جائے تاکہ یہ خود کو مزید محفوظ تصور کریں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں صوبائی وزیر زراعت نے ڈی سی او آفس کا دورہ کیا جہاں ڈی سی او وقاص عالم نے وزیر زراعت کو ضلع میں اٹھائے گئے حفاظتی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایم پی اے عبدالقدیر اعوان، ڈی ایس پی مہر سعید راؤ، ڈی ایم او آصف ڈوگر، اے سی واسع بشیر ، ای ڈی او ایگریکلچر چوہدری مشتاق، ای ڈی او تعلیم مسز نجمہ کوثر، ڈی او ایگریکلچر شاہد بخاری اور متعلقہ محکموں کے افراد بھی موجود تھے۔

وزیر زراعت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کل 1208سکول موجود ہیں جنہیں رسک کے اعتبار سے تین کیٹیگری اے پلس، اے اور بی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ضلع کے 923سکولوں کی بیرونی دیواریں مکمل طور پر تعمیر شدہ ہیں۔ باقی سکولوں کی تعمیر کی جا رہی ہیں۔ 60حساس سکولوں کی بیرونی دیواروں پر خار دار تاریں بھی لگائی جا چکی ہیں۔ 42سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا چکے ہیں اور بقیہ کے لئے خریداری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ضلع کے کل 818سکولوں میں میٹل ڈیٹیکٹرموجود ہیں اور 390سکولوں کے لئے میٹل ڈیٹیکٹرکا آرڈر دے دیا گیا ہے۔ ڈی سی او نے بتایا کہ سکولوں کے 705اساتذہ اور سٹاف ممبران کو ریسکیو اور سول ڈیفنس کی تین روزہ تربیت دی جا چکی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرخ جاوید نے ہدایت کی کہ سکولوں کے لئے گارڈز کی بھرتی میں ریٹائرڈ فوجیوں کو ترجیح دی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سیکیورٹی پر معمور اہلکاروں کی بندوقیں فنگشنل ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ علماء، کاروباری حضرات اور تمام مکاتب فکر کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک صفحے پر لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہ کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :