وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہوگی،سراج الحق،

تحریک انصاف چوکوں اور چوراہوں کی بجائے مذاکرات کی میز پر آئے ا،حکومت بھی جوڈیشل کمیشن کے قیام کا وعدہ پورا کرے، بہت جلد حالات معمول پر آجائیں گے۔، 16 دسمبر کے واقعہ نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے، آرمی پبلک سکول پشاور کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

منگل 13 جنوری 2015 22:54

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو یقینی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہو گی‘ تحریک انصاف چوکوں اور چوراہوں کی بجائے مذاکرات کی میز پر آئے اور حکومت بھی جوڈیشل کمیشن کے قیام کا وعدہ پورا کرے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے آرمی پبلک سکول پشاور کا ایک وفد کے ہمراہ دورہ کیا اور وہاں پر موجود بچوں اور اساتذہ سے ملاقاتیں کیں بعدازاں سراج الحق نے سکول کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اور بچوں کے چہروں پر جو خوشی اور ولولہ دیکھا ہے اسے بیان نہیں کرسکتا ہمیں ایسے واقعات سے مایوس نہیں ہونا چاہئے‘ بہت جلد حالات معمول پر آجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کے واقعہ نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے اور پاکستانی قوم نے بھی دہشت گردی کے متعدد واقعات میں بے تحاشا لاشیں اٹھائی ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کو سکیورٹی فراہم کرے اور حکومت کی جانب سے سکیورٹی فراہم کرنا کوئی احسان نہیں ہوگا بلکہ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو بھی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہوگا۔ اب وقت آگیا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر دہشت گردی کیخلاف اقدامات کریں اور حکومت رٹ کو بحال کریں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ چوکوں اور چراہوں پر مسائل کا حل تلاش نہیں کیا جاسکتا بلکہ تحریک انصاف سے بھی کہیں گے کہ وہ بھی مذاکرات کی میز پر آکر تمام مسائل کا حل نکالے جبکہ حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ بھی جوڈیشل کمیسن کے قیام کا وعدہ پورا کرے۔۔