سیکرٹری زراعت پنجاب راشد لنگڑیال کا تعلیمی اداروں میں سیکورٹی انتظامات چیک کرنے کیلئے فیصل آباد کا دورہ ،

مختلف تعلیمی اداروں میں سیکورٹی امور کے حوالے سے منعقدہ موک ایکسرسائز کی نگرانی کی

منگل 13 جنوری 2015 23:25

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت سیکرٹری زراعت پنجاب راشد محمود لنگڑیال نے تعلیمی اداروں میں سیکورٹی انتظامات چیک کرنے کے لئے فیصل آباد کا دورہ کیا اور وہ مختلف تعلیمی اداروں میں گئے اور وہاں سیکورٹی امور کے حوالے سے منعقدہ موک ایکسرسائز کی نگرانی کی ۔ ڈی سی او نور الامین مینگل‘ سی پی او ڈاکٹر سہیل تاجک ‘ ای ڈی او ایجوکیشن بشیر زاہد گورایہ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

انہوں نے تعلیمی اداروں میں سیکورٹی انتظامات کی نگرانی کے لئے قائم کئے گئے کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کنٹرول رومز محفوظ جگہ پر ہونے چاہیں تاکہ اندرونی و بیرونی احاطہ میں مشکوک سرگرمیوں کی بہتر انداز میں نگرانی ہو سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالب علموں و سٹاف کے تحفظ کے لئے سیکورٹی کے ہمہ جہت پہلوؤں پر نظر رکھنے سے متعتلق مزید ہدایات بھی جاری کیں۔

سیکرٹری زراعت راشد محمود لنگڑیال نے میٹنگ کے دوران اے پلس اور کیٹگری اے کے تعلیمی اداروں کے نمائندوں سے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی اداروں میں سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے انتہائی سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے لہذا طے شدہ شرائط کے مطابق حفاظتی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنائیں بصورت دیگر آئندہ ہفتے کے دوران سیکورٹی انتظامات مکمل نہ کرنے والے ان اداروں کو کھلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

انہوں نے تاکید کی کہ شیڈول کے مطابق موک ایکسرسائز کرکے انتظامات کو چیک کرنے کے علاوہ تمام ملازمین کے کوائف کی سپیشل برانچ سے تصدیق بھی کرائیں اور سیکورٹی پلان کو نقشے کی صورت میں تعلیمی اداروں میں آویزاں کیا جائے ۔ انہوں نے پولیس افسران سے کہا کہ وہ تعلیمی اداروں کے سیکورٹی پلان کو ماہرانہ نقطہ نگاہ سے چیک کریں ۔ بعدازاں سیکرٹری رزاعت نے ڈویژنل پبلک سکول میں جا کر موک ایکسر سائز کے لئے سیکورٹی کنٹرول روم سے انڈرائیڈ فون کا مخصوص سسٹم کلک کرکے پولیس کے سیکورٹی اداروں کو ایمرجنسی کی اطلاع دی جس کے ردعمل میں سات منٹ کے دوران کیوئیک رسپانس فورس وہاں پہنچ گئی جسے انہوں نے کامیاب سسٹم قرار دیا۔

وہ زرعی یونیورسٹی اور کوہ نور گرائمر سکول بھی گئے ۔سی پی او نے بتایا کہ شہر کے مختلف حصوں میں سات مقامات پر کیوئیک رسپانس فورس کو متعین کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں کم سے کم ری ایکشن ٹائم میں امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :