حافظ آباد میں حکومتِ جاپان کی مالی امداد سے قائم سائنس لیبارٹری اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کا افتتاح

بدھ 14 جنوری 2015 18:35

ا سلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) پاکستان میں جاپان کے سفیر ہروشی اِنوماتا نے حکومتِ جاپان کی طرف سے فراہم کردہ مالی معاونت سے حافظ آباد کے دیہات ساکھی میں قائم کی جانے والی سائنس لیبارٹری اور حافظ آباد شہر میں تعمیر کیے جانے والے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کا آج باضابطہ طور پر افتتاح کیا۔ جاپان کی حکومت نے اِ ن منصوبوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی غیر سرکاری تنظیم راج انٹرنیشنل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ ٹرسٹ کو US$113264 کی مالی امداد فراہم کی تھی۔

حافظ آباد کے دیہا ت ساکھی میں راج انٹرنیشنل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ ٹرسٹ کے لڑکیوں کے سکول میں سائنس لیبارٹری قائم کرنے کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے جہاں تمام طالب علم مفت تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ حافظ آباد شہر میں ووکیشنل ٹریننگ سنٹر تعمیر کرنے کا مقصد علاقے کی خواتین کو ہنر سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے جو اُن کے لیے روز گار کے حصول میں معاون ثابت ہو۔

جاپان کے سفیر ہروشی اِنوماتا نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ حکومتِ جاپان نے وزیرِ اعظم شنزو آبے کی مضبوط قیادت میں جاپان اور دیگر ممالک میں خواتین کو بااختیار بنانے کو اہم ترجیح دی ہے اور آج کے یہ منصوبے اِس عہد کی ایک مثال ہیں۔ اُنھوں نے اِس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ منصوبوں سے نہ صرف لڑکیوں کو بہتر تعلیم اور مقامی لوگوں کو ہنر سیکھنے کے مواقعے میسر ہوں گے بلکہ اِس سے جاپان اور پاکستان کے لوگوں کے درمیان دوستی کے رشتے کو مذید مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی ۔