Live Updates

عمران خان کو بوگس ووٹوں اور بیلٹ پیپرز کی فرانزک ٹیسٹ کرانے کے حوالے سے پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا، پرویز رشید ،

عمران بیلٹ پیپرز کی فرانزک ٹیسٹ اپنے من پسند ملک اور لیبارٹری سے کروالیں اس کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ دونوں فریقین قبول کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے وہ اراکین اسمبلی جو اجلاسوں میں شریک نہیں ہورہے ان کیخلاف قواعد کے مطابق کارروائی ہوگی،عمران خان تخریبی سیاست کی بجائے تعمیری سیاست کریں۔ جمہوریت کو مستحکم بنانے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ سازشوں کے ذریعے جمہوریت کو غیر مستحکم نہ کریں،میڈیا سے گفتگو

بدھ 14 جنوری 2015 22:43

عمران خان کو بوگس ووٹوں اور بیلٹ پیپرز کی فرانزک ٹیسٹ کرانے کے حوالے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کو بوگس ووٹوں اور بیلٹ پیپرز کی فرانزک ٹیسٹ کرانے کے حوالے سے پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا اب انہیں مزید اڑتالیس گھنٹے کی پیشکش کرتا ہوں کہ وہ بیلٹ پیپرز کی فرانزک ٹیسٹ اپنے من پسند ملک اور لیبارٹری سے کروالیں اس کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ دونوں فریقین قبول کریں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے وہ اراکین اسمبلی جو اجلاسوں میں شریک نہیں ہورہے ان کیخلاف قواعد کے مطابق کارروائی ہوگی حکومت اس میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ سپیکر قومی اسمبلی چالیس دنوں سے غیر حاضر اراکین کیخلاف کارروائی کرسکتے ہیں اور انہوں نے یہ سلسلہ شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نو ماہ سے تخریب کاری شروع کررکھی ہے اور وہ دہشت گردوں کے سٹریٹجک پارٹنر بن چکے ہیں ان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے اب حکومت دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے موثر کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے لیکن عمران خان اس عمل میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پالیسیوں کا نتیجہ اور ردعمل یہ سامنے آیا ہے کہ آرمی پبلک سکول میں ان کے دورے کے موقع پر گو عمران گو کے نعرے سننے کو ملے۔ یہ وہ نعرہ ہے دکھی دلوں سے نکلا ہے یہ کنٹینر کا نعرہ نہیں‘ کنٹینر کا نعرہ جعلی تھا جو بخارات کی طرح اڑ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان تخریبی سیاست کی بجائے تعمیری سیاست کریں۔ جمہوریت کو مستحکم بنانے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔

سازشوں کے ذریعے جمہوریت کو غیر مستحکم نہ کریں۔ گذشتہ ادوار میں انہوں نے جو کیا اس پر انہیں بھاگنے کا راستہ نہیں مل رہا تھا اب پھر انہوں نے احتجاج کا راستہ اپنالیا ہے جو مناسب نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 122 کے حوالے سے بنائے گئے کمیشن کی رپورٹ میں کہیں پر بھی 32 ہزار جعلی ووٹوں کا ذکر نہیں ہے تاہم اس میں الیکشن کمیشن کے عملے سے کچھ غلطیاں ہوئی ہیں جن کیخلاف کارروائی حکومت نہیں الیکشن کمیشن ہی کرنے کا مجاز ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے عمران خان ہی تیار نہیں ہیں حکومت اس حوالے سے بہت لچک دکھا چکی ہے۔۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات